ٹریفک پولیس نے بس میں سوار شہری کو لوٹنے والے 2 ڈکیت پکڑ لیے

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 20 جنوری 2018
ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بس کاتعاقب کرکے 2 ڈکیت پکڑلیے،ایک فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔  فوٹو : ایکسپریس

ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بس کاتعاقب کرکے 2 ڈکیت پکڑلیے،ایک فائرنگ کرکے فرار ہوگیا۔  فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  گرومندر چورنگی کے قریب ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسافر بس میں شہری سے لوٹ مار کرنے والے 2 ڈکیت رنگے ہاتھوں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیے۔

جمشید کوارٹر تھانے کی حدود گرومندر چورنگی کے قریب انعام اللہ نے مزار قائد ٹریفک سیکشن پرموجود ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کو بتایا کہ 4 ایل روٹ کی مسافر بس میں اسے 3 ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر لوٹ لیا اور اس کے 2 موبائل فون اور 3500 روپے چھین کر فرار ہو گئے۔

بعدازاں ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کا تعاقب کیا اور ایم اے جناح روڈ پر بس روک لی ٹریفک پولیس اہلکاروں نے بس کو گھیر کر ایک ایک کرکے مسافروں کو بس سے اتارنا شروع کیا تو ایک ڈکیت ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا جبکہ ایک اور ڈکیت نے بھی بھاگنے کی کوشش کی جسے ٹریفک پولیس اہلکاروں نے پکڑلیا تیسرا ڈکیت بس میں چھپ گیا جسے بس کے کنڈیکر کی نشاندہی پر گرفتار کرلیا گیا۔ ٹریفک پولیس اہلکاروں نے گرفتار دونوں ڈکیت جمشید کوارٹرز پولیس کے حوالے کردیے۔

شہری انعام اللہ نے بتایا کہ وہ وکیل ہے اور لاہور سے کام کے سلسلے میں کراچی آیا ہے اور آج شام ہی واپس لاہور روانہ ہونا تھا،ٹریفک جام کی وجہ سے انھوں نے رکشا یا ٹیکسی کرنے کے بجائے بس کا انتخاب کیا اور 4 ایل کی بس میں سوار ہوگئے جب بس گرومندر چورنگی کے قریب پہنچی تواچانک ان کی برابر والی سیٹ اورعقبی سیٹ پر2 مشکوک افراد آکر بیٹھ گئے جبکہ تیسرا مشکوک بندہ ان کے سامنے آکر کھڑا ہوگیا ان کے ساتھ بیٹھے ڈکیت نے پاؤں میں لگی پستول دکھا کر کہا کہ جو کچھ تمہارے پاس سے ہمیں دو اور چلے جاؤ جس کے بعد تینوں ڈاکوؤں نے اسے لوٹا اور فرار ہونے لگے تو انھوں نے بس سے اترکر سامنے موجود ٹریفک پولیس چوکی پر موجود ٹریفک پولیس افسران اور اہلکاروں کو آگاہ کیا۔

ڈی ایس پی ٹریفک نیو ٹاؤن ساجدہ جمالی اور مزار قائد ٹریفک سیکشن کے ایس او طلعت صدیقی نے بتایا کہ ہم ون وے کی خلاف ورزی پر مہم ختم کرکے ٹریفک سیکشن پہنچے اور نماز جمعہ کی تیاری میں مصروف تھے کہ اسی دوران شہری ان کی جانب دوڑتا ہوا پہنچا اور کہا کہ اسے ڈاکوؤں لوٹ لیا ہے جس پر ہم نے بس کو روکا اور بس میں سوار افراد کو ایک ایک کرکے اتار اس دوران ایک ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا جبکہ 2 ڈاکوؤں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا جنھیں بعدازاں جمشید کوارٹرز پولیس کے حوالے کردیا۔

ایس ایچ او جمشید کوارٹرز شمشاد حسین نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت رحیم الدین ولد منیر الدین اور سید محمد ندیم رضوی ولدسید محمد شبیر کے نام سے ہوئی رحیم مکان نمبر ایل221 سیکٹر ای70 کورنگی نمبر ایک اور سید محمد ندیم مکان نمبر ایل 423 سیکٹر 32 اے کورنگی ڈیڑھ کا رہائشی ہے انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور اس سے قبل بھی ڈکیتی اورغیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں گرفتار ہوچکے ہیں انھوں نے بتایا کہ پولیس نے شہری کا بیان قلمند کرلیا ہے جس کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

آئی جی کاایس اومزارقائدٹریفک سیکشنکو 50 ہزار روپے انعام دینے کا اعلان

آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ایس او مزار قائد ٹریفک سیکشن کو جرائم کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور شہری کی شکایت پر 2 ڈاکوئوں کو موقع واردات سے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے جمشیدکوارٹرز پولیس کے حوالے کرنے پر 50 ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سند دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔