کلبھوشن پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے، ملیحہ لودھی

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 جنوری 2018
طالبان تشدد کا راستہ چھوڑ کر مذاکرات میں شامل ہوجائیں، ملیحہ لودھی: فوٹو: فائل

طالبان تشدد کا راستہ چھوڑ کر مذاکرات میں شامل ہوجائیں، ملیحہ لودھی: فوٹو: فائل

نیو یارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی بات کرنے والا بھارت اپنے گریبان میں جھانکے جبکہ را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا کھلا ثبوت ہے۔

اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے خطاب میں کہا کہ 17 برس کی تاریخ بتاتی ہے کہ افغانستان میں طاقت سے کام نہیں چلے گا، منشیات سے آمدنی کے باعث دہشتگردوں کوبیرونی مدد کی ضرورت ہی نہیں، افغانستان کا 40 فیصد حصہ کابل حکومت کے کنٹرول میں ہی نہیں، ایسے میں تخریب کاری کیلئے بیرونی مدد کی کیا ضرورت ہوگی جبکہ کابل حکومت اور امریکا کو چاہیے کہ الزام تراشی کی بجائے افغانستان میں درپیش چیلنجز پر توجہ دیں۔

ملیحہ لودھی نے بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی بات کرنے والا بھارت اپنے گریبان میں جھانکے، کلبھوشن کی گرفتاری بھارت کی پاکستان میں تخریب کاری کا کھلا ثبوت ہے۔

ملیحہ لودھی نے مزید کہا کہ یہ سوچنا خام خیالی ہے کہ طاقت اوردباؤکی حکمت عملی افغانستان میں کام کرجائے گی، دہشتگردوں کی پناہ گاہیں افغانستان سے باہرتصورکرنے والے حقائق کاجائزہ لیں، جب کہ پاکستان طالبان پر زور دیتا ہے کہ تشدد کا راستہ چھوڑ کر مذاکرات میں شامل ہوجائیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب سید اکبرالدین نے پاکستان پر بھارت اور افغانستان کوعدم استحکام سے دوچارکرنے اور دہشت گردی کا بے بنیاد الزام لگایا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔