شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر

سلیم خالق  ہفتہ 20 جنوری 2018
آل راؤنڈر کو وطن واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، پی سی بی فوٹو: فائل

آل راؤنڈر کو وطن واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا، پی سی بی فوٹو: فائل

 کراچی: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر، کپتان سرفراز احمد، منیجر طلعت علی اور فزیو وی بی سنگھ پر مشتمل ٹور منیجمنٹ کمیٹی نے میٹنگ کے بعد فیصلہ کیا کہ آل راﺅنڈر شعیب ملک کو مزید آرام کی ضرورت ہے، اس لئے ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت کی بجائے انہیں وطن واپس بھیج دینا مناسب ہوگا۔

یاد رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کے چوتھے میچ میں رن بناتے ہوئے کولن منرو کے تھرو پر گیند شعیب ملک کے سر سے ٹکرائی تھی، طبی امداد ملنے پر انہوں نے بیٹنگ شروع کردی تھی لیکن تھوڑی دیر بعد ہی آﺅٹ ہوگئے، بعد ازاں سر چکرانے کی شکایت پر انہیں گرین شرٹس کی فیلڈنگ کے دوران میدان میں نہیں اتارا گیا جب کہ آل راﺅنڈر پانچواں ون ڈے بھی نہیں کھیل سکے۔

پی سی بی کے مطابق شعیب ملک کا نیوزی لینڈ میں میڈیکل پینل سے مکمل چیک اپ کروایا گیا تھا، جس میں یہ چیز سامنے آئی کہ بھاگ دوڑ کے دوران ان کا سر چکرانے کی شکایت سامنے آسکتی ہے لہٰذا ان کو وطن واپس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ منیجمنٹ نے متبادل کے طور پر کسی کھلاڑی کو طلب نہیں کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔