فرنچائزز کیساتھ اختلافات پر پی سی بی خاموش، پی ایس ایل وقت پر کروانے کا اعلان

عباس رضا  ہفتہ 20 جنوری 2018
ٹیموں کی جانب سے واجبات ادا نہ کئے جانے پر بورڈ مالی مشکلات سے پریشان ہے فوٹو: فائل

ٹیموں کی جانب سے واجبات ادا نہ کئے جانے پر بورڈ مالی مشکلات سے پریشان ہے فوٹو: فائل

 لاہور: پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزز کے ساتھ اختلافات کی اطلاعات پر پی سی بی خاموش ہے لیکن چیئرمین نجم سیٹھی نے پی ایس ایل وقت پر کروانے کا اعلان کردیا۔

ذرائع کے مطابق فرنچائزز اور بورڈ میں اختلافات کی وجہ سے پی ایس ایل تھری کا انعقاد خطرے میں اور ٹیموں کی جانب سے واجبات ادا نہ کئے جانے پر بورڈ مالی مشکلات سے پریشان ہے۔ ذرائع کے مطابق 6 میں سے 5 فرنچائزز گزشتہ سال نومبر کی ڈیڈ لائن تک واجبات ادا نہیں کر سکی تھیں۔

یو اے ای اور پاکستان میں 22 فروری سے 25 مارچ تک شیڈول تیسرا ایڈیشن کروانے کیلیے بورڈ کو درکار رقم میں 50 سے 60 لاکھ امریکی ڈالر کم پڑ جانے کا خدشہ ستا رہا ہے۔ اس حوالے سے پی سی بی حکام سر جوڑ کر کوئی حل نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں، فرنچائزز کے عدم تعاون کی وجہ سے بظاہر بڑی کامیاب نظر آنے والی پی ایس ایل میں دراڑیں صاف نظر آنے لگی ہیں۔

ذرائع کے مطابق اگر فرنچائزز کا واجبات کے معاملے میں یہی رویہ جاری رہا تو بورڈ قانونی چارہ جوئی کے ساتھ ٹیموں کی دوبارہ فروخت پر بھی غور کر سکتا ہے۔ دوسری جانب فرنچائزز کا کہنا ہے کہ پی سی بی سے زرتلافی کا مطالبہ کیا تھا جس پر اس نے دباﺅ ڈالنا شروع کردیا، ٹی 10 کو سپورٹ کرنے پر بھی پی ایس ایل ٹیموں کے مالکان ناراض ہیں، ان کا کہنا ہے کہ بورڈ خود اس تنازع کو میڈیا میں لے آیا اور پی سی بی کے رویہ کی وجہ سے مالی معاملات خراب ہیں۔

میڈیا میں یہ معاملہ سامنے آنے پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے فرنچائزز کیساتھ تنازع کے بارے میں خبرپر کوئی وضاحت دینا ضروری نہیں سمجھی،تاہم سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل اپنے ٹریک پر ہے، پہلا میچ 22فروری کو دبئی، فائنل 25مارچ کو کراچی میں ہوگا،پروموشن کیلیے مہم شروع ہونے ہی والی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔