بنگلادیش نے سٹے بازوں کو موقع پر سزائیں دینے کیلیے موبائل کورٹ قائم کردی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 21 جنوری 2018
کورٹ نے رواں ٹرائنگولر ون ڈے سیریز کے دوران ہی کام شروع کردیا ہے۔ فوٹو : فائل

کورٹ نے رواں ٹرائنگولر ون ڈے سیریز کے دوران ہی کام شروع کردیا ہے۔ فوٹو : فائل

ڈھاکا:  بنگلادیش نے سٹے بازوں کو موقع پر سزائیں دینے کیلیے موبائل کورٹ قائم کردی۔

حالیہ کچھ عرصے میں کئی تماشائیوں کو میچ کی رپورٹس موبائل وغیرہ کے ذریعے باہر بھیجتے ہوئے پکڑا گیا تھا، بنگلادیش پریمیئر لیگ میں ایسے 100 سے زائد افراد کو کرکٹ اسٹیڈیمز سے بیدخل کیا گیا،ان میں بہت سے بھارتی باشندے بھی شامل تھے تاہم اب موبائل کورٹ کے ذریعے ایسے افراد کو موقع پر ہی سزا دی جائے گی۔

اس سلسلے میں ڈھاکا میٹروپولیٹن ایریا کے ایگزیکٹیو مجسٹریٹ بشیر الرحمان نے کہاکہ اگرچہ سٹہ بازوں کیلیے کوئی واضح قانون موجود نہیں مگر ہم ان کو عوامی معاملات میں دخل اندازی کے جرم میں جرمانہ کرنے کے ساتھ جیل بھی بھیجیں گے جب کہ اس کورٹ نے رواں ٹرائنگولر ون ڈے سیریز کے دوران ہی کام شروع کردیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔