عالمی ہاکی اسٹارز آج لاہور میں جگمگانے کیلیے تیار

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 21 جنوری 2018
شائقین کا جوش بڑھانے کیلیے موسیقی کا پروگرام بھی ہوگا، سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، شہباز سینئر۔ فوٹو:فائل

شائقین کا جوش بڑھانے کیلیے موسیقی کا پروگرام بھی ہوگا، سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی، شہباز سینئر۔ فوٹو:فائل

لاہور: عالمی ہاکی اسٹارز آج لاہور میں جگمگانے کیلیے تیار ہیں تاہم سیریز کا دوسرا اور آخری میچ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

10سال بعد ملک کے سب سے بڑے اسٹیڈیم میں بالآخر عالمی ستاروں کی کہکشاں جگمگائے گی۔ کراچی کے بعد لاہور آنے والی سابق اسٹارز پر مشتمل ورلڈ الیون سیریز کا دوسرا اور آخری میچ اتوار کو دوپہر2 بجے کھیلے گی، اسٹیڈیم کی تزئین آرائش کا کام  مکمل کر لیا گیا ہے، آسٹروٹرف اور نشستوں کی دھلائی جبکہ گول پوسٹ کی مرمت ہوگئی، میچ کیلیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسٹیڈیم کی رونقیں بڑھانے کیلیے اسکولز اور کالجز کے طلبا و طالبات سمیت اسپورٹس فیملیز کا داخلہ مفت ہوگا، عام شہریوں کیلیے 250سے ایک ہزار روپے کا ٹکٹ رکھا گیا ہے جب کہ میچ سے قبل  پروگرام میں مختلف فنکار پرفارم کریں گے۔

یاد رہے کہ ورلڈ الیون نے کراچی میں ہونے والے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان انڈر 18ٹیم کو5-1سے شکست دے کر سیریز میں 1-0کی برتری حاصل کی ہوئی ہے۔  ورلڈ الیون میں ہالینڈ کے 5، 4اسپینش،ارجنٹائن کے3 ، اتنے ہی جرمن جبکہ  آسٹریلیا اور بیلجیئم کا ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر  انٹرنیشنل ہاکی کی بحالی کے لیے پرعزم ہیں، میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہاکہ ورلڈ الیون کا کامیاب دورہ ملک میں انٹرنیشنل ہاکی کیلیے دروازے کھول دے گا، مستقبل  قریب میں انٹرنیشنل ایونٹ بھی ملک میں کرانے کی کوشش کرینگے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔