شہباز شریف سوئس اکاؤنٹ کے بجائے اپنے بھائی کی دولت کی فکر کریں، قمر زمان کائرہ

ویب ڈیسک  اتوار 21 جنوری 2018
پانچ فروری کو شہباز شریف کو موچی گیٹ پر ہر سوال کا جواب دینا ہوگا، قمر زمان کائرہ : فوٹو : فائل

پانچ فروری کو شہباز شریف کو موچی گیٹ پر ہر سوال کا جواب دینا ہوگا، قمر زمان کائرہ : فوٹو : فائل

 لاہور: پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ قوم شوباز شریف کی شوبازیوں سے اچھی طرح واقف ہے، آپ سوئس اکاؤنٹس کو چھوڑیں اپنے بھائی اور ان کے بچوں کی دولت کی فکر کریں۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خطاب کے ردعمل میں قمر زمان کائرہ نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا  کہ شہباز شریف 5 سالہ حکومت میں سوئس بینک سے پیسے واپس کیوں نہیں لائے، اب الیکشن آر ہے ہیں تو سوئس اکاؤنٹ یاد آگئے، سوئس اکاؤنٹس کی دولت کی حقیقت تھی تو سامنے لے آتے، آپ سوئس اکاؤنٹس کو چھوڑیں اپنے بھائی اور ان کے بچوں کی دولت کی فکر کریں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں :آصف  زرداری کا لوٹا ہوا پیسہ دنیا میں کہیں بھی ہو واپس لائیں گے

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ شہباز شریف لاہور سے باہر نکلیں لوڈ شیڈنگ کا پتا چل جائے گا، میرے گاؤں سمیت کہیں بھی جاؤ لوڈ شیڈنگ کی حقیقت کھل جائے گی، ماڈل ٹاؤن اور جاتی امرا کے محلات کے علاوہ ہر جگہ آج بھی اندھیرے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم شوباز شریف کی شوبازیوں سے اچھی طرح واقف ہے، قوم کو پتا ہے کہ کون ٹوپیاں پہن کر ڈرامے بازی کرتا ہے، شہباز شریف آپ نے قوم سے کل بھی جھوٹ بولا تھا اور آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں مال روڈ پر ماڈل ٹاؤن کے شہدا کے خون کا حساب لینے جمع ہوئیں، شہباز شریف آپ کو ماڈل ٹاؤن اور قصور کے شہدا کے خون کا حساب دینا ہوگا، 5 فروری کو شہباز شریف کو موچی گیٹ پر ہر سوال کا جواب دینا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔