سلمان بٹ کا ستارہ مزید گردش میں آگیا

نمائندہ خصوصی  پير 22 جنوری 2018
وہاب اسلام آباد کی ٹیم میں موجود، شکیل شیخ کے دو بیٹے بھی ٹیموں میں شامل۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

وہاب اسلام آباد کی ٹیم میں موجود، شکیل شیخ کے دو بیٹے بھی ٹیموں میں شامل۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کراچی: سلمان بٹ کا ستارہ مزید گردش میں آگیا جب کہ لاہور کے آفیشلز سے اختلافات کے بعد انھیں قومی ون ڈے  ریجن کپ کے کسی  اسکواڈ میں جگہ نہ مل سکی۔

پی سی بی کے تحت قومی ون ڈے کپ25 جنوری سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں کھیلا جائے گا، ایونٹ میں شریک آٹھوں ٹیموں کو حتمی شکل دے دی گئی جب کہ حیران کن طور پر سلمان بٹ اور وہاب ریاض کے نام لاہور کی دونوں سائیڈز میں شامل نہیں۔

اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ سلمان بٹ کی روٹھی قسمت نہیں مان سکی ہے، انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کا خواب پورا نہیں ہوا اور اب ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی مسائل پیش آنے لگے۔

ذرائع نے بتایا کہ  لاہور ریجن کرکٹ کی انتظامیہ نے گذشتہ دنوں ایک ایونٹ کے دوران کسی  پلیئر کو کھلانے کا کہا تھا مگر سلمان اور وہاب نے اس پر اعتراض کیا جس  پر دونوں زیرعتاب آ گئے، سلمان کو تو کسی اور ٹیم نے بھی نہیں لیا البتہ وہاب کو اسلام آباد کے اسکواڈ میں جگہ مل گئی ہے۔

چیئرمین پی سی بی کے مشیر شکیل شیخ کے بیٹے شایان شیخ کو کسی پرفارمنس کے بغیر فیصل آباد کی ٹیم میں  شامل کر لیا گیا، ان کے دوسرے بیٹے  ارسل شیخ اسلام آباد کی ٹیم میں موجود ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ شکیل شیخ کے تیسرے بیٹے معیز شیخ قائد اعظم ٹرافی کیلیے فیصل آباد کے اسکواڈ میں شامل تھے مگر انجری کے سبب کوئی میچ نہیں کھیلے، البتہ ماہانہ 25 ہزار روپے کے حساب سے سال میں تین لاکھ روپے وصول کر لیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔