بھارت کے وفادار افغان کرکٹ بورڈ کی بے وفائی نے پی سی بی کا دل توڑ دیا

اسپورٹس ڈیسک  منگل 23 جنوری 2018
اے سی بی چیف ایگزیکٹیو شفیق استنکزئی نے بھارت جاکر اسی کے گن گانے شروع کردیے تھے۔ فوٹو : فائل

اے سی بی چیف ایگزیکٹیو شفیق استنکزئی نے بھارت جاکر اسی کے گن گانے شروع کردیے تھے۔ فوٹو : فائل

کراچی / نئی دہلی: بھارت کے وفادار افغانستان کرکٹ بورڈ کی بے وفائی نے پی سی بی کا دل توڑ دیا۔

گذشتہ دنوں ایک انٹرویو میں اے سی بی چیف ایگزیکٹیو شفیق استنکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بجائے بھارتی کرکٹ بورڈ ہماری زیادہ مدد کررہا ہے۔ خانہ جنگی کے شکار ملک کے کرکٹرز کی ایک بڑی تعداد برسوں تک پاکستان میں تیار ہوئی، افغان ٹیم نے اپنا ٹوئنٹی 20 اورون ڈے ڈیبیو بھی پاکستان کیخلاف ہی کیا مگر اب اسکی بھارت سے خوب دوستی چل رہی ہے، رواں برس وہ بھارت میں ہی میزبان ٹیم کے ساتھ اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ کھیلے گی۔

شفیق استنکزئی کا کہنا تھا کہ جب سے ہم نے بھارتی شہر گریٹر نوئیڈا کو اپنا ہوم وینیو بنایا تب سے ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے، شروع میں ہم نے پاکستان میں بہت زیادہ ٹریننگ کی، پی سی بی نے بھی بہت سپورٹ کیا مگر جب سے بھارت آئے ہیں ہمیں زیادہ فائدہ ہوا، ہم اب ٹاپ لیول پر پہنچ چکے ہیں۔

دوسری جانب اس  بیان کو پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے پسند نہیں کیا، البتہ آفیشل طور پر کوئی رائے دینے سے گریز کیا گیا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔