انڈسٹری مضبوط ہاتھوں میں آ گئی، فیملی فلمیں شائقین کو سینما لا سکتی ہیں، آفرین پری

قیصر افتخار  بدھ 24 جنوری 2018
فلمی مصروفیات کے باوجود تھیٹرپرکام کر رہی ہوں، پشتو کے ساتھ اردو فلمیں بھی اچھی بننے لگی ہیں، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

فلمی مصروفیات کے باوجود تھیٹرپرکام کر رہی ہوں، پشتو کے ساتھ اردو فلمیں بھی اچھی بننے لگی ہیں، اداکارہ۔ فوٹو: فائل

لاہور: اداکارہ آفرین پری نے کہا ہے کہ انڈسٹری مضبوط ہاتھوں میں آگئی تاہم فیملی فلمیں شائقین کو سینماؤں میں لاسکتی ہیں۔ 

آفرین پری نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ کامیڈی، ٹریجڈی سمیت جیسا بھی کردار ہو اس میں ایکٹنگ کا مارجن ہونا چاہیئے۔ فلمی مصروفیات کے باوجود تھیٹرپرکام کر رہی ہوں۔ پشتو کے ساتھ اردو فلمیں بھی اچھی بننے لگی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈسٹری مضبوط ہاتھوں میں آگئی تاہم فیملی فلمیں شائقین کو سینماؤں میں لاسکتی ہیں۔

اداکارہ کا کہناتھا کہ فلم بینوں نے جس طرح سے اپنی فلموں کی حوصلہ افزائی کرکے جو اعتماد کیا اس کو قائم رکھنا ہوگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ فنکار کے لیے زبان اور سرحد کی قید نہیں ہوتی،پشتو فلموں میں کام کرنے کے لیے اس لیے راضی ہوگئی کہ اب معیاری فلمیں بن رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پروڈکشن اداکاری سے ٹف جاب ہے ، شوٹنگ سے نمائش تک تمام معاملات کو دیکھنا پڑتا ہے مگر اس تجربے سے لطف اندوز ہورہی ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں آفرین پری نے کہا کہ میرا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں اورنہ ہی اس طرح کی فضول دوڑ کا حصہ بننا پسند ہے۔ ہر پروجیکٹ کرنے سے پہلے اپنے کردار کی جزئیات کا جائزہ لیتی ہوں تاکہ اسے بہتر انداز سے پرفارم کرسکوں، پھر اس کے اچھے اور برے ہونے کا فیصلہ شائقین پر چھوڑ دیتی ہوں۔ میرے خیال میں شائقین سے بہتر جج کوئی نہیں ہوسکتا ، ان کی پسندیدگی ہی ہمیں اس مقام تک پہنچاتی ہے۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ میری خوش نصیبی ہے کہ تھیٹر کے ساتھ فلم میں بھی چاہنے والوں کی ایک کثیر تعداد ہے ، جو مجھے پردہ اسکرین پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ تھیٹر اداکاری سیکھنے کے حوالے سے بہترین انسٹیٹیوٹ ہے جو آپ کی پرفارمنس میں نکھار لانے کے ساتھ اعتماد پیدا کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔