پاکستان چین کا اعلیٰ سطح کے رابطے مزید بہتر بنانے پر اتفاق

خصوصی رپورٹر  بدھ 24 جنوری 2018
سی پیک منصوبوں پرکام کاتفصیلی جائزہ،تکمیل کیلیے فریقین کے فعال کردارکی ضرورت پرزور۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

سی پیک منصوبوں پرکام کاتفصیلی جائزہ،تکمیل کیلیے فریقین کے فعال کردارکی ضرورت پرزور۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

اسلام آباد: پاکستان اور چائنا کے اعلی سطح وفد نے سی پیک منصوبوں پر جاری کام کاجائزہ لیتے ہوئے ساتویں جے سی سی کے فیصلوں کے تناظر میں اعلیٰ سطح کے رابطوں کا سلسلے مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

چینی سفارتخانے کے نائب چیف آف مشن چاولی چیان نے سیکریٹری وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات شعیب احمد صدیقی سے گزشتہ روز ملاقات کی ہے۔ اس موقع پر سی پیک کے پروجیکٹ ڈائریکٹر حسان داود اور چینی سفارتخانے کے حکام بھی موجود تھے۔

ملاقات کے دوران سی پیک منصوبوں پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ساتویں جے سی سی کے فیصلوں کی تناظر میں فریقین اعلیٰ سطح کے رابطوں کا سلسلہ مزید بہتر بنائیں گے۔

اس موقع پر سیکریٹری شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ توانائی اور ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کے شعبے میں جاری منصوبوں کی تکمیل اور نئے منصوبوں پر کام کی شروعات کیلیے فریقین کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

شعیب صدیقی نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کا سلسلہ اہم فیز میں داخل ہوگیا ہے لہٰذا اس تعاون کو کامیاب بنانے کیلیے تمام تر اقدامات یقینی بنانے ہوں گے۔

اس موقع پر چین کے وزارت کامرس کے نمائندے نے یقین دہانی کرائی کہ جو منصوبے جے سی سی نے منظور کیے ہیں یا جن کے معاہدوں پر دستخط ہوچکے ہیں ان پر جلد ازجلد کام شروع کرنے کیلیے تمام تر اقدامات ہوں گے۔ ملاقات میں 29 و 30 جنوری کو منعقد ہونے والی گوادر ایکسپو اور فری زون کے افتتاح کیلیے جاری کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

واضح رہے کہ بڑی تعداد میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں نے گوادر ایکسپو میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ اب تک 120 سے زائد کمپنیاں اس میگا ایوینٹ میں شرکت کیلیے باقاعدہ اندراج کرچکی ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔