جس حلقے سے حمزہ شہباز الیکشن لڑیں گے وہاں سے ان کا مقابلہ کروں گی، عائشہ احد

آن لائن  پير 25 مارچ 2013
الیکشن میں کامیاب ہوکر شریف فیملی کا اصل چہرہ قوم کے سامنے لاؤں گی۔ عائشہ احد فوٹو: فائل

الیکشن میں کامیاب ہوکر شریف فیملی کا اصل چہرہ قوم کے سامنے لاؤں گی۔ عائشہ احد فوٹو: فائل

اسلام آباد: حمزہ شہبازشریف کی مبینہ بیوی عائشہ احدملک نے بھرپور تیاری کے ساتھ قومی اور صوبائی اسمبلی سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ جس حلقے سے حمزہ شہبازشریف الیکشن لڑنے کا فیصلہ کریں گے اسی حلقے سے ان کے مقابلے میں الیکشن لڑوں گی۔

الیکشن میں کامیاب ہوکر شریف فیملی کا اصل چہرہ قوم کے سامنے لاؤں گی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں اتوار کے روز آن لائن سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ شریف خاندان نے ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات بناکر مسلسل انھیں ڈرانے کی کوشش کی مگر وہ کسی صورت اپنا حق لیے بنا پیچھے نہیں ہٹیں گی۔ انھوں نے مزید کہاکہ لاہور ہائیکورٹ سمیت دیگر عدالتوں کے واضح احکامات کے باوجود آج تک پنجاب حکومت کی ایما پر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی فراہم نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ان کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد مقدمات درج کراکے سرکاری مشینری اور طاقت کا غیرقانونی استعمال کیا۔ ایک سوال کے جوا ب میں ان کا کہناتھا کہ ہر فورم پر اپنا کیس لڑنے کی کوشش کی مگر کامیابی کہیں سے نہیں ملی اس لیے اب اپنے شوہر حمزہ شہباز کے خلاف الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ چاہے وہ قومی اسمبلی کا الیکشن لڑیں یا صوبائی اسمبلی کا، وہ ان کے مقابلے میں اتریں گی اور عوام ان کا ساتھ دے کر کامیاب بنائینگے۔ انھوں نے واضح کیاکہ وہ الیکشن میں کامیاب ہوکر قوم کے سامنے شریف خاندان کا اصل چہرہ بے نقاب کریںگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔