بھارتی یومِ جمہوریہ پر کشمیریوں کا یومِ سیاہ، لندن میں فری کشمیر مہم

ویب ڈیسک  جمعـء 26 جنوری 2018
مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، فوٹو: انٹرنیٹ

مقبوضہ وادی میں ریاستی دہشت گردی کے خلاف مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، فوٹو: انٹرنیٹ

 سری نگر: بھارت کے یوم جمہوریہ پر مقبوضہ وادی کشمیر سمیت پوری دنیا میں کشمیری باشندوں نے  یومِ سیاہ منایا جب کہ لندن میں فری کشمیر مہم چلائی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور کنٹرول لائن پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، آج بھارت کے یوم جمہوریہ پر کنٹرول لائن کے دونوں اطراف کشمیری عوام نے یوم سیاہ منایا جب کہ پوری دنیا میں بسنے والے کشمیری باشندوں نے بھی بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ کا انعقاد کیا۔

اسی ضمن میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف حریت رہنماؤں کی کال پر آج مقبوضہ کشمیر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال رہی، نماز جمعہ کے بعد کشمیرکی آزادی کے لیے پرامن ریلیاں نکالی گئیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: قابض بھارتی فوج نے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کردیا

یاد رہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں آئے روز سرچ آپریشن کے نام پر مظلوم کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنارہی ہے۔ گزشتہ دنوں بھی ضلع شوپیاں میں بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین سے بدتمیزی کی جس کے خلاف کشمیری عوام نے احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے بھارتی فوج کی جانب سے آنسو گیس اور ربڑ کی گولیوں کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔ مظاہرین اور بھارتی فوج کی جھڑپوں میں 3 کشمیری شہید جبکہ کئی خواتین زخمی ہوگئی تھیں۔

دریں اثنا لندن میں مقیم کشمیری باشندوں نے بھی بھارتی ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے لندن میں فری کشمیر مہم چلائی اور بسوں پر کشمیر کی آزادی سے متعلق بینرز آویزاں کیے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔