عوام ووٹ کی طاقت سے ”کرپشن کے سومنات“ تباہ و برباد کر دیں، شہباز شریف

ویب ڈیسک  پير 25 مارچ 2013
عام انتخابات ملک کی بقاء اور استحکام کے لئے انتہائی اہم ہیں، شہباز شریف فوٹو: فائل

عام انتخابات ملک کی بقاء اور استحکام کے لئے انتہائی اہم ہیں، شہباز شریف فوٹو: فائل

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے  5 برس کے دوران خلوص نیت اور دیانتداری کے ساتھ عوام کی بے لوث خدمت کی، عوام  ووٹ کی طاقت سے ”کرپشن کے سومنات“ تباہ و برباد کر دیں گے۔

وزیراعلیٰ  پنجاب شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور عہدیداران سے گفتگو کرتھے ہوئے کہا کہ 5 برس بعد عوام کی عدالت میں پنجاب حکومت سرخرو ہے جبکہ بحیثیت خادم پنجاب میرا دل اور روح مطمئن ہے، انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کا اعتراف نہ صرف غیرجانبدار ملکی بلکہ بین الاقوامی اداروں نے بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کارکردگی کیلئے عوام کا اعتماد ہی سب سے بڑا سرٹیفکیٹ ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کو ہی اپنا نصب العین سمجھتی ہے ، عام انتخابات ملک کی بقاء اور استحکام کیلئے انتہائی اہم ہیں جبکہ عوام ووٹ کی طاقت سے ”کرپشن کے سومنات“ تباہ و برباد کر دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام ووٹ کے ذریعے ملک لوٹنے والوں کا کڑا احتساب کریں گے ، یقین ہے کہ عوام مخلص، دیانتدار اور ایماندار قیادت سامنے لائیں گے ، انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت کا موقع ملا تو نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کے عوام کی تقدیر بدل دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔