چین نے پاکستان سے ایٹمی تعاون پرامریکی اوربھارتی تشویش مسترد کردی

ویب ڈیسک  پير 25 مارچ 2013
پاک چین ایٹمی تعاون پر کسی بھی قسم کی تشویش بے بنیاد ہے، چینی دفتر خارجہ۔ فوٹو: اے ایف پی

پاک چین ایٹمی تعاون پر کسی بھی قسم کی تشویش بے بنیاد ہے، چینی دفتر خارجہ۔ فوٹو: اے ایف پی

بیجنگ: چین نے پاکستان سے ایٹمی تعاون سے متعلق امریکی اور بھارتی تشویش کو مسترد کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کے مطابق قرار دے دیا ہے۔

بیجنگ میں پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین ایٹمی پھیلاؤ سے متعلق عالمی قوانین پر سختی سے کاربند ہے اوراس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو اچھی طرح سمجھتا ہے، چین اور پاکستان کے درمیان  ایٹمی  تعاون کے معاملے پر نیوکلیئر سپلائرز گروپ کے ضابطہ اخلاق کے تحت تعاون کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی بھی مکمل ضمانت حاصل ہے۔ اس لئے پاک چین  ایٹمی تعاون کے بارے میں کسی بھی قسم کی تشویش بے بنیاد ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لئے چین کے تعاون سے چشمہ پاور پلانٹ میں دو ایٹمی ری ایکٹرز تیار کئے جارہے ہیں تاہم امریکی جریدے نے اپنی ایک رپورٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ چشمہ میں ہی پاکستان چین کے تعاون سے 5واں ایٹمی ری ایکٹر بنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔