ٹرائنگولر کرکٹ سیریز سری لنکا نے اپنے نام کر لی

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 28 جنوری 2018
آئی لینڈرز نے مقررہ 50 اوورزمیں تمام وکٹیں کھوکر221 رنز جوڑے، بنگلادیشی ٹیم 41.1 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی لینڈرز نے مقررہ 50 اوورزمیں تمام وکٹیں کھوکر221 رنز جوڑے، بنگلادیشی ٹیم 41.1 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈھاکا: ٹرائنگولر ون ڈے کرکٹ سیریز سری لنکا نے جیت لی۔

ٹرائنگولر کرکٹ سیریزکے فائنل میں بنگلادیش کو 79 رنز سے شکست ہوئی، ٹاس جیتنے والے آئی لینڈرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورزمیں تمام وکٹیں کھوکر221 رنز جوڑے۔

اوپنر اپل تھارنگا 56 رنز بنانے میں کامیاب رہے، کپتان دنیش چندیمل 45 اور نیروشن ڈکویلا42 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، کوشل مینڈس نے 9 گیندوں پر 28 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں3 چھکے اور2 چوکے شامل رہے، اکیلا دھنن جایا 17 رنز بناکر انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک پہنچا پائے، پیسر روبیل حسین سب سے کامیاب بولر رہے، انھوں نے 10 اوورز میں 46رنز دے کر4 کھلاڑیوں کو واپسی کے پروانے تھمائے، مستفیض الرحمان کے حصے میں 2 وکٹیں آئیں۔

میزبان الیون آسان ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی مشکلات کا شکار دکھائی دی، اوپنرز تمیم اقبال(3) اور محمد متھن (10) جلد پویلین لوٹ گئے،صابر رحمان بھی 2 رنز بناپائے، محمود اللہ نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے92 گیندوں پر 76رنز اسکور کیے، مشفق الرحیم نے 22رنز بناکر ان کا ساتھ نبھایا، ان دونوں کے میدان بدر ہوجانے کے بعد میزبان ٹیم کا کوئی بھی دیگر بیٹسمین انفرادی اسکور کو دہرے ہندسے تک نہیں پہنچا پایا۔

ڈیبیو پر شیہان مدھوشناکا نے ہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، انھوں نے6.1 اوورز میں 30رنز دے کر3 وکٹیں اڑائیں، دشمانتھا چمیرا اور اکیلا دھنن جایا نے 2،2 شکار کیے، بنگلادیشی ٹیم 41.1 اوورز میں 142 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔