حصص مارکیٹ، 18000 کی حد بحال ہوکر گرگئی

بزنس رپورٹر  منگل 26 مارچ 2013
مارکیٹ سرمائے میں 2 ارب 77 کروڑ روپے کا اضافہ، 15 کروڑ 36 لاکھ حصص کے سودے۔    فوٹو: فائل

مارکیٹ سرمائے میں 2 ارب 77 کروڑ روپے کا اضافہ، 15 کروڑ 36 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: فائل

کراچی: کراچی اسٹاک ایکس چینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اتار چڑھاؤ کے بعد بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کم وبیش پرانی سطح پر برقرار رہا تاہم 48 فیصد سے زائد حصص کی قیمتوں میں کمی ہوگئی مگر مارکیٹ سرمائے میں 2 ارب 77 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔

پیر کوفروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا ،کاروبار کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 17917 پوائٹس کی سطح تک گر گیا تھا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں بالخصوص سرکاری مالیاتی اداروں اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے آئل اور سیمنٹ سیکٹر میں خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 18071 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا تاہم یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1.21 پوائنٹ کمی سے 17961.91 پوائنٹس پر بند ہوا۔

کے ایس ای 30 انڈیکس 10.41 پوائنٹس کمی سے 14247.31پوائنٹس، کے ایم آئی 30 انڈیکس 14.09 پوائنٹس کمی سے 31297.22 پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 7.99 پوائنٹس کے اضافے سے 12622.46 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت4.69 فیصدکم رہا اور مجموعی طور پر 15 کروڑ36لاکھ 69 ہزار820 شیئرز کے سودے ہوئے۔

جمعہ کو 16 کروڑ 12 لاکھ 47 ہزار200 حصص کا لین دین ہوا تھا، پیر کو 318 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے133 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 155 کمپنیوں کے دام میں کمی اور30 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا، مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ2ارب 77کروڑ 59لاکھ 5 ہزار 971 روپے کے اضافے سے43 کھرب 85 ارب 87 کروڑ 78 لاکھ 48 ہزار 716 روپے ہوگیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔