شہباز شریف نے میٹرو بس بنائی تو دیہاڑیاں بھی خوب لگائیں، قمر زمان کائرہ

ویب ڈیسک  پير 29 جنوری 2018
میاں صاحب آپ اگلی دفعہ اڈیالہ جیل میں ہوں گے،قمر زمان کائرہ ۔ فوٹو: فائل

میاں صاحب آپ اگلی دفعہ اڈیالہ جیل میں ہوں گے،قمر زمان کائرہ ۔ فوٹو: فائل

 لاہور: پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے میٹرو بس منصوبوں میں خوب دیہاڑیاں بھی لگائیں۔

لاہور سبزہ زار میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف تم نے اگر میٹرو بس بنائی تو دیہاڑیاں بھی خوب لگائیں، ایک بھائی عدلیہ کو گالیاں دے رہا ہے تو ایک بھائی اُمید سے ہے اور عدلیہ کی تعریف کر رہا ہے، میاں صاحب پہلے فیصلے جیب میں رکھ کر عدالت میں جاتے تھے اور اب میاں صاحب کا سارا ٹبر مقدمات کا سامنا کر رہا ہے اور فوج و عدلیہ کو گالیاں دے کر تاثر دیا جارہا ہے کہ بڑا ظلم ہو گیا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کی دولت کو آپس میں چھپانے کی کوشش کی لیکن یہ اب سامنے آچکے ہیں، میاں صاحب واقعی آپ نے ایک روپیہ نہیں سیکڑوں ارب روپے کی کرپشن کی ہے، نواز شریف آپ کو عدلیہ کے ججز نے سزا دی ہے اور آپ کی اور بھی چوریاں پکڑی جانے والی ہیں میاں صاحب آپ اگلی دفعہ اڈیالہ جیل میں ہوں گے۔

قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ ہم نے مودی کے یاروں کو بھی پیغام دینا ہے، کشمیری حریت پسندوں اور مودی حکومت کو جواب دینا ہے جس کے لیے 5 فروری کو پیپلز پارٹی موچی دروازے پر جلسہ عام کرے گی تاہم اس جلسے میں شہباز شریف اور نواز شریف کو بھی جواب دیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔