سنجے دت کی ڈائریکٹرزکو جیل جانے سے قبل اپنی فلموں کی شوٹنگ مکمل کرانے کی یقین دہانی

آئی اے این ایس  منگل 26 مارچ 2013
سنجے دت نے تینوں فلموں کے ڈائریکٹرز سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور جیل جانے سے پہلے ان کی فلموں کی بقیہ شوٹنگ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ فوٹو: فائل

سنجے دت نے تینوں فلموں کے ڈائریکٹرز سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور جیل جانے سے پہلے ان کی فلموں کی بقیہ شوٹنگ مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ فوٹو: فائل

ممبئی: سنجے دت نے اپنی زیر تکمیل فلموں کے ڈائریکٹرز کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ جیل جانے سے قبل فلموں کی شوٹنگ مکمل کرائیں گے۔

سنجے دت نے اپنی تین میگا بجٹ زیر تکمیل فلموں زنجیر، پی کے اور پولیس گیری کے ڈائریکٹرز سے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور تینوں فلموں کی شوٹنگ جیل جانے سے قبل  مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ سنجے دت کے ایک قریبی دوست نے بتایا کہ سنجے دت کی فلم “زنجیر” کی شوٹنگ کے لئے 3 دن، ڈائیریکٹر راج کمار ہرانی کی فلم “پی کے” کے لئے 7 دن اور “پولیس گیری” کی شوٹنگ مکمل کرنے کے لئے 17 دن درکار ہوں گے۔

سنجے دت کے دوست کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی فلم کے ڈائریکٹرز کو کہا کہ تینوں فلموں کی شوٹنگ اور ڈبنگ مکمل کر لی جانی چاہیئے کیونکہ پتہ نہیں آگے کیا ہوگا۔ سنجے دت تینوں فلموں کی شوٹنگ اسی ہفتے شروع کر دیں گے کیونکہ عدالت کے فیصلے کے مطابق انہیں 4 ہفتوں میں اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کرنا ہے۔

سنجے دت کو 21 مارچ کو بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے 1993 میں ممبئی دھماکوں میں ملوث دہشت گردوں سے غیر قانونی اسلحہ لے کر گھر میں چھپانے کے الزام میں5  سال قید کی سزا سنائی گئی ہے جس میں سے 18 ماہ قید وہ پہلے ہی بھگت چکے ہیں اور اب انہیں جیل میں ساڑھے تین سال مزید گزارنے ہوں گے۔

سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سے ہی سنجے دت کی رہائش گاہ پر ان کے دوستوں اور بالی ووڈ کے اداکاروں نے ان سے ملنے آنا شروع کر دیا، رنبیر کپور، ودیا بالن اور فرحان اختر نے بھی سنجے دت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔