پارلیمانی کمیٹی نے نجم سیٹھی کو پنجاب کا نگراں وزیر اعلیٰ منتخب کرلیا

ویب ڈیسک  منگل 26 مارچ 2013
امید ہے کہ نجم سیٹھی اپنے فرائض بخوبی نبھائیں گے اور شفاف الیکشن کرائیں گے، رانا ثنااللہ  فوٹو: فائل

امید ہے کہ نجم سیٹھی اپنے فرائض بخوبی نبھائیں گے اور شفاف الیکشن کرائیں گے، رانا ثنااللہ فوٹو: فائل

لاہور: پنجاب کی پارلیمانی کمیٹی نے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے لئے پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ نجم سیٹھی کے نام پر اتفاق کرلیا ہے۔

پارلیمانی کمیٹی کے آخری اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی نے تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کیے اور مسلم لیگ (ن) مشاورت کا حصہ رہی۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ نجم سیٹھی اپنے فرائض بخوبی نبھائیں گے اور شفاف الیکشن کرائیں گے۔

دوسری جانب نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ شفاف انتخابات کے لئے ملک میں ماحول سازگار ہے اور وہ صرف صاف وشفاف الیکشن کروانا چاہتے ہیں۔

پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لئے پیپلز پارٹی کی جانب سے جسٹس (ر) زاہد حسین اور معروف صحافی نجم سیٹھی کے نام پیش کیے گئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خواجہ ظہیر احمد اور جسٹس (ر) عامر رضا کے نام تجویز کیے گئے تھے۔

پارلیمانی کمیٹی میں اپوزیشن کی نمائندگی میجر (ر) ذوالفقار گوندل، شوکت بسرا اور مسلم لیگ (ق) کے چوہدری ظہیر کررہے تھے جبکہ مسلم (ن) کی جانب سے رانا ثنااللہ، شجاع الرحمان اور اقبال چنار شریک تھے۔

معروف صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی 1948 میں پیدا ہوئے اور لاہور کے گورنمنٹ کالج سے گریجوایشن کی اور کیمرج یونیورسٹی سے معاشیات میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ نجم سیٹھی کو آزادانہ اور بے لاگ تبصروں کی وجہ سے کئی بار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، 1999 میں انہیں برطانوی ادارے کو گورنمنٹ کی کرپشن کے حوالے انٹرویو دینے کے باعث گرفتار کیا گیا تاہم ایک ماہ بعد انہیں کوئی جرم ثابت نہ ہونے پر رہا کردیا گیا۔ نجم سیٹھی کو 1999 میں صحافتی خدمات کی بنا پر امریکا کی جانب سے’’انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ‘‘ اور 2009 میں ورلڈ ایسوسی ایشن آف نیوز پیپرز کی جانب سے ’’گولڈن پین آف فریڈم ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔