فیڈریشن کے عہدیداروں کا انتخاب کالعدم، نئے الیکشن کرانے کا حکم

بزنس رپورٹر  بدھ 27 مارچ 2013
صدر پنجاب سے منتخب کیاجانا تھا، فیڈریشن کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر وفاقی علاقے اسلام آباد سے سربراہ کا انتخاب کیا گیا، سینئر رکن ایف پی سی سی آئی۔  فوٹو: فائل

صدر پنجاب سے منتخب کیاجانا تھا، فیڈریشن کے اصولوں کو بالائے طاق رکھ کر وفاقی علاقے اسلام آباد سے سربراہ کا انتخاب کیا گیا، سینئر رکن ایف پی سی سی آئی۔ فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی وزارت تجارت کے ماتحت ادارے ڈائریکٹریٹ جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) نے وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) کے انتخابات برائے سال 2013 پر اعتراض عائد کرتے ہوئے صدر اور دیگر عہدوں کے لیے انتخابات ٹریڈ آرگنائزیشنز ایکٹ 2013 کے مطابق منعقد کرنے کے احکام جاری کردیے ہیں جس کے بعد ایف پی سی سی آئی کے نومنتخب عہدیداروں نے بظاہر قانونی جواز کھودیا ہے اور انتخابات ازسرنوکرانا ہوں گے۔

ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ آرگنائزیشنز نے 26 مارچ 2013 کو جاری کردہ مراسلہ نمبر 17(31)/2008-TO(C) کے ذریعے ایف پی سی سی آئی کے سیکریٹری جنرل کو ہدایت جاری کی ہے کہ ایف پی سی سی آئی کے سال 2013 (جس کے عہدوں کی مدت 31 دسمبر 2013 کو ختم ہوگی) کے لیے انتخابات ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ 2013 کے تحت عمل میں لائے جائیں۔

1

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک میں ٹریڈ آرگنائزیشن ایکٹ اور ٹریڈ آرگنائزیشنز رولز 2013 نافذ ہیں، ایف پی سی سی آئی کو سختی سے ہدایت کی جاتی ہے کہ ایکٹ اور رولز کے عین مطابق انتخابات منعقد کیے جائیں بالخصوص رول 18، رول 20 اور شیڈول ڈی سمیت ایف پی سی سی آئی کے آرٹیکل آف میمورینڈم کی اصل روح کے مطابق الیکشن منعقد کیے جائیں۔ ایف پی سی سی آئی کے ایک سینئر رکن کا کہنا ہے کہ اس سال پنجاب سے صدر منتخب کیاجانا ہے لیکن فیڈریشن کے اصولوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اسلام آباد سے صدر منتخب کیا گیا جو صوبے کاحصہ نہیں بلکہ فیڈرل ٹیریٹری کی حیثیت رکھتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔