شپ بریکرزسے ٹیکس موخرادائیگی سہولت واپس لینے کا امکان

ارشاد انصاری  بدھ 27 مارچ 2013
شپ بریکرزکے تحفظات،سیلز ٹیکس شرح میں اسٹیل میلٹرز کی طرح 43 فیصد کمی کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

شپ بریکرزکے تحفظات،سیلز ٹیکس شرح میں اسٹیل میلٹرز کی طرح 43 فیصد کمی کا مطالبہ۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے شپ بریکنگ انڈسٹری سے سیلز ٹیکس کی موخرادائیگیوں کی سہولت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے آئندہ چند روز میں ایس آر او جاری کردیا جائیگا۔

جبکہ شپ بریکنگ انڈسٹری نے اسٹیل میلٹر کی طرح شپ بریکنگ کیلیے بھی سیلز ٹیکس کی شرح میں 43 فیصد کمی کا مطالبہ کردیا ہے۔ اس حوالے سے ایف بی آر کے سینئر افسر نے گزشتہ روز ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ ایف بی آر نے شپ بریکنگ انڈسٹری کے لیے سیلزٹیکس کی موخرادائیگیوں کی سہولت واپس لینے کے نوٹیفکیشن کا مسودہ تیار کرلیا ہے جو بدھ کو توثیق کیلیے لا ڈویژن کو بھجوایا جائیگا اور لا ڈویژن کی منظوری کے بعد یہ ایس آر او جاری کردیا جائیگا۔

جبکہ اس حوالے سے شپ بریکنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ایف بی آر کو لکھا ہے کہ شپ بریکنگ انڈسٹری نے سیلز ٹیکس کی مد میں جولائی 2008سے جون 2012 تک مجموعی طور پر 14ارب روپے جمع کرائے ہیں مگر اس کے باوجود شپ بریکنگ انڈسٹری کو ریلیف دینے کے بجائے سیلز ٹیکس کی شرح اوسطاً 23 فیصد اضافے کے ساتھ 4840 روپے سے بڑھا کر 5862 روپے فی میٹرک ٹن کردی گئی ہے، اس کے برعکس اسٹیل میلٹرز پر 5006 روپے فی میٹرک ٹن کے حساب سے سیلز ٹیکس عائد تھا جسے 43 فیصد کمی کے ساتھ 3200 روپے کردیا گیا جس سے قومی خزانے کو 9.6 ارب روپے سالانہ کے حساب سے نقصان ہورہا ہے۔

7

ذرائع کا کہنا ہے کہ شپ بریکنگ انڈسٹری کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسٹیل میلٹرز کی طرح شپ بریکنگ انڈسٹری کے لیے بھی سیلز ٹیکس کی شرح کم کرکے 3200 روپے فی میٹرک ٹن کی جائے تاہم ایف بی آر کے مذکورہ سینئر افسر کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں جو نوٹیفکیش جاری کیا جارہا ہے اس کے تحت کمشنر ان لینڈ ریونیو کو شپ بریکنگ انڈسٹری سے فل سیلز ٹیکس وصولی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے اختیارات دیے جارہے ہیں، کمشنر ان لینڈ ریونیو سیکشن 148 کے تحت شپ بریکرز کے ذمے تمام موخر سیلز ٹیکس واجبات کی 100فیصد وصولی کے بعد شپ بریکرز کو سرٹیفکیٹ جاری کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شپ بریکرز نے تجویز دی ہے کہ ان سے انکم ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس کو ضم کرکے ایک ٹیکس وصول کیا جائے جسے ایف بی آر نے مان لیا ہے اور شپ بریکنگ انڈسٹری کے لیے انکم ٹیکس اور ود ہولڈنگ ٹیکس کو ضم کرکے ڈھائی فیصد کی شرح سے ٹیکس وصول کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق شپ بریکنگ انڈسٹری نے اسٹیل میلٹرز کی طرح سیلزٹیکس5فیصد کے بجائے 1فیصد کرنے کا مطالبہ کیا تاہم اس بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔