ڈیزی شاہ فلم ’’مینٹل‘‘ میں سلمان خان کیساتھ جلوہ گر ہونگی

شوبز ڈیسک  بدھ 27 مارچ 2013
بالی وڈ میں کام کرنے کی خواہش پوری ہونے پر بہت خوش ہوں، خود کو منوانا چاہتی ہوں، کوریو گرافر اور اداکارہ کی خصوصی گفتگو۔  فوٹو: فائل

بالی وڈ میں کام کرنے کی خواہش پوری ہونے پر بہت خوش ہوں، خود کو منوانا چاہتی ہوں، کوریو گرافر اور اداکارہ کی خصوصی گفتگو۔ فوٹو: فائل

ممبئی: ساؤتھ سے بالی وڈ میں قدم رکھنے والی معروف اداکارہ ڈیزی شاہ نے سلمان خان کی نئی فلم ’’مینٹل‘‘میں جلوے دکھانے کے لیے تیاری کرلی ہے۔

اداکارہ ڈیزی شاہ کو سلمان خان کے مدمقابل لیڈنگ لیڈی رول میں کاسٹ کرلیا گیا ہے ۔اداکارہ ڈیزی شاہ نے فلم ’’باڈی گارڈ‘‘کے اوریجنل ساؤتھ ورژن میں میگااسٹار کے ساتھ اہم کردار نبھایا جسکی کامیابی نے ان کی ساؤتھ سے بالی وڈ کے لیے راہ ہموار کردی ہے ۔اداکارہ ڈیزی شاہ کے رقص میں مہارت کے چرچے ساؤتھ سے ہوتے ہوئے بالی وڈ میں پہنچے ۔ساؤتھ کے سینماگھروں میں ان کی پرفارمنس کو بے حد سراہا گیا ۔ان کی کامیابی کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے اور انھیں کئی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی۔

اداکارہ نے کہانی اور فلم کی کاسٹ کے بارے میں دریافت کرکے کئی پراجیکٹس کو کرنے سے انکار کردیا مگر انھیں جونہی سلمان خان کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی اور انھوںنے فلم میں اپنے کردار اور کہانی کے بارے میں معلومات حاصل کیں تو پھر انھوں نے اس فلم میں کام کرنے کی حامی بھرلی ۔اداکارہ ڈیزی شاہ کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں کام کرنے کا شوق شروع سے ہی رہا ہے۔بالی وڈ میں کام کرنے کی اب جاکر خواہش پوری ہونے جارہی ہے ،اس پر بہت خوش ہوں ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ ساؤتھ میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے سلور اسکرین پر دھاک بٹھا چکی ہوں اب بالی وڈ میں کام کرکے خود کو منوانا چاہتی ہوں۔

انھوں نے کہا کہ محنت سے نہیں گھبراتی ،جو بھی کردار ملے گا اس کو خوبی سے نبھانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ سلمان خان کی فلم ’’مینٹل‘‘ قدرے مختلف کہانی ہے۔ اس میں زیادہ ترمحبت میں پیش آنے والے حالات اور پیارکرنے والوں کے آپس کے  تعلقات کو موضوع بنایا گیا ہے۔انھوں نے کہا کہ فلم میں دوسری انٹری ثناء خان کی بھی ہے جو آج سے ’’مینٹل‘‘کی ٹیم میں شامل ہورہی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ بالی وڈ میں مزید فلموں میں بھی کام کروں گی ،اچھی فلموں کی آفرز کا مثبت جواب ہی دوں گی۔

1

اداکارہ کے مطابق اچھی فلمیں بنانے کی دوڑ نے فلم انڈسٹری میں مقابلے کی جو فضاء پیدا کردی ہے اس کے تحت اب نئے چہروں کو بھرپور مواقع میسر آرہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اچھا کام کسی جگہ پر ہوگا تو اس کو پسند کیا جائے گا ۔بالی وڈ میں اچھا کام کرنے والوں کے لیے بڑی گنجائش ہے ۔دیگر ممالک سے بھی فنکاروں کو ادھر چانس ملتے ہیں اور بے شمار فنکاروں کو بالی وڈ نے دنیا میں متعارف کرایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اچھا کام کرنے والوں کا تعلق کسی بھی ملک سے ہو اسے صرف پرفارمنس کی بنیاد پر دیکھا جاتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ میں فنکاروں کی ایسی کھیپ موجود ہے جو پروفیشنل طور پر اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنے وجود کی شناخت بنانے میں کامیاب رہی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ بالی وڈ میں اچھا کام کرنے والوں کی کوئی کمی بھی نہیں ہے ان کی صلاحیتوں سے بھی استفادہ کیا جارہا ہے۔ بالی وڈ میں سینئرز کی جانب سے نئے آنیوالوں کو مواقع دینے اور ان کی رہنمائی کا اچھا ماحول پیدا کرنے سے بھی نئے فنکاروں کے لیے حالات سازگار ہوئے ہیں۔ اداکارہ نے کہا کہ سلمان خان کی آنیوالی فلم ’’مینٹل‘‘ میں اپنا کردار خوبی سے نبھانے کے لیے محنت شوق اور لگن سے کام کروں گی۔ سہیل خان کی اس فلم میں ثناء خان کی پرفارمنس بھی یاد گار ہوگی ۔واضح رہے کہ بالی وڈ میں نئے چہروں کو متعارف کرانے میں سلمان خان کا بھی اہم کردار ہے ۔کوریو گرافر سے اداکارہ بننے والی ڈیزی شاہ کو بھی بالی وڈ میں سلمان خان ہی متعارف کرانے جارہے ہیں۔

نیلی آنکھوں والی اس پری وش کو  بالی وڈ فلم کے لیے  اہم کردار میں کاسٹ کیا گیا ہے۔ادھر بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ سابق کوریو گرافر اور ساؤتھ کی اداکارہ ڈیزی شاہ کی نئی فلم سے اچھی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈیزی شاہ نے ساؤتھ کی فلم میں خود کو منوایا ہے اب بالی وڈ میں بھی اپنی الگ شناخت بنانے کے موقع سے ضرور فائدہ اٹھائیں گی ،واضح رہے کہ اداکارہ کو ممبئی کے خالصہ کالج سے شعبہ  آرٹس میں گریجوایشن کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ اداکارہ ڈیزی شاہ نے ماضی میں کوریو گرافر گینش اچاریہ کی 3 سال تک اسٹنٹ کے فرائض بھی اجام دیتی رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔