پٹرول پمپ سیکیورٹی گارڈ کی ساتھیوں پر فائرنگ ایک زخمی، ملزم نے خودکشی کر لی

نامہ نگار  بدھ 27 مارچ 2013
گارڈ نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پمپ پر موجود فضل نامی شخص پر بھی فائر کیے.  فوٹو: فائل

گارڈ نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پمپ پر موجود فضل نامی شخص پر بھی فائر کیے. فوٹو: فائل

کوٹری: کوٹری خورشید چوک پر پٹرول پمپ پر موجود سیکیورٹی گارڈ نے اپنی گن سے فائرنگ کر کے ساتھی کو زخمی کر دیا اور پھر خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق کوٹری خورشید چوک پر واقع اقبال پٹرول پمپ پر تعینات سیکیورٹی گارڈ ندیم نے اچانک اپنی رائفل سے فائرنگ کر کے پٹرول پمپ کے ہیلپر شکیل کو زخمی کر دیا، شکیل کے پیٹ میں گولی لگی۔ سیکیورٹی گارڈ نے بعد ازاں کیش پر موجود منشی اسحاق پر بھی فائرنگ شروع کر دی،

جس پر اس نے بھاگ کر جان بچائی، گارڈ نے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پمپ پر موجود فضل نامی شخص پر بھی فائر کیے، فائرنگ کے باعث پٹرول پمپ پر بھگدڑ مچ گئی اور قریبی علاقے میں بھی خوف و ہراس پھیل گیا۔ بعد ازاں گارڈ نے مبینہ طور پر خود کو گولی مار کر خود کشی کر لی۔

 

پمپ پر موجود محمد اقبال نامی شخص نے بتایا کہ سیکیورٹی گارڈ بحریہ سیکیورٹی کمپنی کا ملازم ہے اور کمپنی ہی کے ریپیٹر سے فائرنگ کی اور پٹرول پمپ کے ایک ملازم کو زخمی کرنے کے بعد خود کو گولی مار لی۔ سائٹ پولیس نے پمپ ملازمین منشی اسحاق اور فضل کو گرفتار کر لیا، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ لاش اور زخمی  کو ایل ایم یو حیدرآباد اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کے مطابق زخمی شکیل کی حالت تشویشناک ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔