مشکلات سے ہارکرکرکٹ چھوڑنے سے آفریدی کا انکار

سلیم خالق  بدھ 27 مارچ 2013
فی الحال ایسا پلیئر دکھائی نہیں دے رہا،قومی ٹی20ایونٹ میں حصہ نہیں لوں گا۔ فوٹو: فائل

فی الحال ایسا پلیئر دکھائی نہیں دے رہا،قومی ٹی20ایونٹ میں حصہ نہیں لوں گا۔ فوٹو: فائل

کراچی: آل رائونڈر شاہد آفریدی نے مشکلات سے ہار کر کرکٹ کو الوداع کہنے سے انکار کردیا۔

ان کے مطابق جس دن محسوس کیا کہ مجھ سے اچھا کوئی نوجوان کھلاڑی موجود ہے خود ہی ریٹائر ہو جائوں گا، فی الحال کوئی ایسا پلیئر دکھائی نہیں دے رہا، آفریدی کا کہنا ہے کہ بولنگ کوچ نے زیادہ ٹریننگ کرنے کا مشورہ دیا اسی لیے قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں حصہ نہیں لوں گا، البتہ ون ڈے ٹورنامنٹ میں اپنے ڈپارٹمنٹ کی نمائندگی کرنے کا ارادہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہدآفریدی نے جنوبی افریقہ کیخلاف5میچز کی سیریز میں مصباح الحق (227)کے بعد سب سے زیادہ126رنز بنائے، اس میں تیسرے میچ کے دوران88کی اننگز بھی شامل رہی۔

البتہ وہ کوئی وکٹ حاصل نہ کر پائے، سیریز میں شکست کے بعد دیگر سینئرز کی طرح ان پر بھی تنقید کا سلسلہ جاری ہے، بعض سابق کرکٹرز تو ریٹائرمنٹ کا مشورہ بھی دے رہے ہیں، مگر آفریدی ایسے مایوس ہو کر ہار ماننے کو تیار نہیں، ان کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے دونوں طرز کی کرکٹ کھیلتے رہوں گا، جنوبی افریقہ سے وطن واپسی کے بعد نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کو خصوصی انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ جس دن مجھے ایسا محسوس ہوا کہ کسی باصلاحیت نوجوان کی جگہ روک رہا ہوں توکسی کو کچھ کہنے کا موقع دیے بغیر خود ہی ریٹائر ہو جائوں گا۔

 

2

فی الحال مجھے دور دور تک ایسا کوئی کھلاڑی نظر نہیں آ رہا، میں اب بھی کئی کرکٹرز سے بہتر ہوں، جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز میں کارکردگی کے حوالے سے سوال پر انھوں نے کہا کہ بیٹنگ میں اعتماد واپس آ گیا البتہ وکٹیں نہ ملنے کا افسوس ہے، میں نے پہلے بھی یہ بات کہی تھی کہ ون ڈے کے نئے قوانین نے بولرز کیلیے کرکٹ کو مشکل بنا دیا ہے،اب خود کو اسی کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کر رہا ہوں، ہر میچ کے بعد بولنگ بہتر ہو رہی ہے، آخری میچ میں بھی کارکردگی مناسب رہی بدقسمتی سے کسی پلیئر کو آئوٹ نہیں کر سکا۔

انھوں نے کہا کہ بولنگ کوچ محمد اکرم نے مجھے فٹنس میں مزید بہتری کیلیے زیادہ ٹریننگ کا مشورہ دیا ہے، اسی وجہ سے میں قومی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ میں حصہ نہیں لوں گا، البتہ ون ڈے ٹورنامنٹ میں اپنے ڈپارٹمنٹ حبیب بینک کی نمائندگی کرنے کا ارادہ  ہے۔آفریدی نے سپورٹ کرنے پر اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں مایوس نہ ہوں جلد ٹیم کم بیک کرے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔