پنجاب میں اصل مقابلہ پیپلزپارٹی سے ہوگا، ایاز امیر

مانیٹرنگ ڈیسک  بدھ 27 مارچ 2013
بلاول واپس آجائینگے، اسلام الدین شیخ، عمران کے گناہ ایسے نہیں کہ چھپنا پڑے، فوزیہ قصوری فوٹو : فائل

بلاول واپس آجائینگے، اسلام الدین شیخ، عمران کے گناہ ایسے نہیں کہ چھپنا پڑے، فوزیہ قصوری فوٹو : فائل

اسلام آباد:  مسلم لیگ ن کے رہنما ایازامیر نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی کا نام پیپلز پارٹی نے تجویز کیا تھا۔ ان کا نام قبول کر کے بالغ نظری کا ثبوت دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک کے میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات تمام رہنماؤں کو ہیں تاہم عمران خان کو اتنے سیکیورٹی خدشات نہیں ہیں کیونکہ وہ طالبان کے لیے نرم گوشہ رکھتے ہیں۔ ہمارے فوجیوں کے گلے کاٹے گئے مسجدوں کو اور نمازیوں کو شہید کیا گیا۔ مجال ہے کہ عمران خان کے ہونٹوں پر طالبان کا نام آئے اور وہ ان پر تنقید کریں۔

پنجاب کا سیاستدان ہوا کا رخ دیکھنے کی سب سے زیادہ صلاحیت رکھتا ہے۔ اگر عمران خان مقبولیت میں سب سے آگے ہوتے تو سب ان کی پارٹی میں شامل ہو رہے ہوتے۔ مگر ایسا نہیں ہے ان کو تو چکوال، جہلم اور راولپنڈی میں موزوں امیدوار ہی نہیں مل رہے۔ پنجاب میں ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی سے ہی ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اسلام الدین شیخ نے کہا کہ اگر نجم سیٹھی نے اپنے ایک پروگرام میں یہ تجزیہ کیا ہے کہ پنجاب میں اصل مقابلہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے درمیان ہو گا تو یہ ان کی سوچ اور تجزیہ ہے۔ بلاول بھٹو کے ملک سے چلے جانے کے بارے میں ا نھوں نے کہا کہ بھٹو خاندان کو شروع سے ہی سیکیورٹی خطرات درپیش رہے ہیں وہ چند روز میں واپس آ جائیں گے۔

وہ پوری ذمے داری سے بلاول بھٹو اور صدر زرداری کے درمیان اختلاف کی تردید کرتے ہیں۔آئندہ انتخابات کے بعد وفاق اور پنجاب دونوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنے گی۔ تحریک انصاف کی رہنما فوزیہ قصوری نے کہا کہ شفاف انتخابات کرانا نجم سیٹھی کی قابلیت اور اہلیت کا امتحان ہو گا۔ عمران خان کے گناہ ایسے نہیں ہیں کہ ان کو چھپنا پڑے۔ اسلام آباد سے الیکشن لڑنے کے لیے ہمارے پاس 70 امیدواروں کی درخواستیں ہیں۔ ہم موروثی سیاستدانوں کو نہیں نوجوانوں کو سامنے لائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔