انڈسٹری کی تباہی کے ذمہ دار اس سے منسلک افراد تھے، صدف کنول

قیصر افتخار  ہفتہ 3 فروری 2018
ماضی میں نامور افراد کے انڈسٹری سے دور ہونے کے باعث نگارخانے ویران اور ہنرمند افراد پریشانیوں کا شکاررہے، اداکارہ۔ فوٹو فائل

ماضی میں نامور افراد کے انڈسٹری سے دور ہونے کے باعث نگارخانے ویران اور ہنرمند افراد پریشانیوں کا شکاررہے، اداکارہ۔ فوٹو فائل

لاہور: معروف ماڈل واداکارہ صدف کنول نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی ذمہ دار وہ لوگ ہیں جو اسے تنہا چھوڑ کر چلے گئے اور واپس مُڑکر بھی نہ دیکھا۔ 

’’ ایکسپریس ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے صدف کنول نے کہا کہ اگرہم پاکستان فلم انڈسٹری پرنظرڈالیں تو گزشتہ دودہائیوں کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کو شدید بحران کا سامنا رہا۔ ملک بھر میں سینما گھرختم ہونے لگے، نگارخانے اورسینما گھروں کی ویرانی نے فلم نگری کی اصل شکل دکھائی توہرطرف سے آہیں اورسسکیاں سنائی دینے لگیں لیکن یہ آہیں اورسسکیاں پاکستان فلم انڈسٹری سے وابستہ ہونے والے معروف فنکاروں کی نہیں بلکہ ان ٹیکنیشنز اور ہنرمندوں کی تھیں جنہوں نے اپنی تمام عمر اس شعبے کیلیے وقف کردی تھیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب فلم انڈسٹری پربرا وقت آیا توفلم سے وابستہ بہت سے لوگ اسے تنہا چھوڑ کر خود ٹی وی اورفیشن انڈسٹریوں سے وابستہ ہوگئے اورواپس مُڑکر بھی نہ دیکھا۔ ایسی صورتحال میں بحران کا آنا تویقینی تھا۔

صدف کنول نے کہا کہ اب حالات بدل رہے ہیں، ایک مرتبہ پھرفلم اوراس سے وابستہ ستاروں کو پبلک کا زبردست رسپانس مل رہا ہے۔ اس حوالے سے تومیں خود بھی یہ کہنا چاہوں گی کہ اپنے کیرئیرمیں بطورماڈل بہت سا کام کرچکی ہوں لیکن سلورسکرین پرجب آئی تواس کے بعد جورسپانس ملا وہ حیران کن تھا۔ اس سے ایک بات توثابت ہوجاتی ہے کہ سلورسکرین کا جادوسرچڑھ کربولتا ہے۔

اداکارہ نے بتایا کہ موجودہ دورمیں سب سے ضروری بات ایک دوسرے کی سپورٹ کی ہے، اس پرتوسب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے تاہم جب تک ہم ایک دوسرے کی سپورٹ نہیں کرینگے، اس وقت تک بہتری کے آثارممکن نہیں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔