جان خطرے میں ڈال کر پاکستان بچانے آیا ہوں،پرویز مشرف

اسٹاف رپورٹر / خبر ایجنسیاں  بدھ 27 مارچ 2013
قائد آل پاکستان مسلم لیگ کا پارٹی اجلاس سے خطاب،گورنر سندھ سے ملاقات. فوٹو : اے ایف پی

قائد آل پاکستان مسلم لیگ کا پارٹی اجلاس سے خطاب،گورنر سندھ سے ملاقات. فوٹو : اے ایف پی

کراچی:  آل پاکستان مسلم لیگ کے ذرائع کے مطابق کہ اے پی ایم ایل کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے منگل کو گورنر ہائوس میں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں سیاسی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گورنر ہائوس کے ترجمان نے کہا ہے کہ گورنر سندھ کی سابق صدر پرویز مشرف سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی ہے۔دریں اثنا آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف نے کہا ہے کہ اے پی ایم ایل آئندہ انتخابات میں تمام نشستوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔11مئی کے انتخابات ملک میں تبدیلی کے لیے ایک اہم ذریعہ ہیں،عوام کو اپنے ووٹ کے ذریعے فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو آئندہ کون سی جماعت بہتر انداز میں چلا سکتی ہے۔ امید ہے کہ قوم اے پی ایم ایل کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرائے گی۔

وہ منگل کو مقامی ہوٹل میں پارٹی کی مرکزی قیادت کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ آن لائن کے مطابق سابق صدر نے خیرپورکے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان بچانے آیا ہوں، جلد سندھ کا تفصیلی دورہ کروں گا۔ میں کراچی سے بھی الیکشن لڑسکتا ہوں۔کراچی سے اسٹاف رپورٹر کے مطابق اجلاس میں پرویز مشرف نے اے پی ایم ایل کی جانب سے امیدواروں میں پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم کے لیے ایک مرکزی پارلیمانی اور 4صوبائی پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیے ہیں۔ مرکزی پارلیمانی بورڈ کے سربراہ خود پرویز مشرف ہونگے، یہ بورڈ 8 ارکان پر مشتمل ہوگا ۔

جبکہ صوبائی پارلیمانی بورڈز کے سربراہ صوبوں کے چیف آرگنائزرز ہونگے اور یہ بورڈ 4,4 ارکان پر مشتمل ہونگے۔ دریں اثنا پرویز مشرف بدھ کو مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کریں گے۔ اے پی ایم ایل کی ترجمان آسیہ اسحٰق کے مطابق پرویز مشرف نے کہا کہ میں تمام تر دھمکیوں اور خطرات کے باوجود عوام کی خدمت اور ملک کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان آیا ہوں۔ آئندہ انتخابات کے لیے ملک بھر میں بھرپور مہم چلائی جائے گی اور انتخابی جلسے منعقدکیے جائیں گے۔ انھوں نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے رابطے میں رہیں اور بھرپور طریقے سے انتخابی مہم شروع کردیں۔

ثنا نیوز کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف نے اپنی جماعت کے پارلیمانی اور صوبائی بورڈ کا اعلان کردیا ہے۔سردار غلام مصطفیٰ خاص خیلی سندھ، چوہدری اشرف پنجاب،شیر عالم خان خٹک خیبر پختونخوا اور ہاشم خان بلوچستان اور چوہدری شفیق وفاقی دارالحکومت کیلیے صدر ہوں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔