پلیئرز کی سیکیورٹی :سری لنکا نے بھارت سے ضمانت مانگ لی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 28 مارچ 2013
 ٹھوس یقین دہانی کے بغیر کھلاڑیوںکوجانے کی اجازت نہیں دیں گے،وزیرکھیل.  فوٹو فائل

ٹھوس یقین دہانی کے بغیر کھلاڑیوںکوجانے کی اجازت نہیں دیں گے،وزیرکھیل. فوٹو فائل

کولمبو:  سری لنکا نے بھارت سے اپنے پلیئرز کی سیکیورٹی کیلیے ضمانت مانگ لی۔

وزیر کھیل کا کہنا ہے کہ ہم ٹھوس یقین دہانی کے بغیر اپنے کھلاڑیوں کو پڑوسی ملک جانے کی اجازت نہیں دینگے، وہاں کی صورتحال ہمارے شہریوں کیلیے اچھی نہیں ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز آئی پی ایل گورننگ کونسل نے تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جیاللیتا کے مطالبے پر سری لنکن کھلاڑیوں کو چنئی میں شیڈول میچز سے باہر کردیا تھا، اب سری لنکا لیگ کیلیے پلیئرزکو بھیجنے کیلیے مکمل ضمانت کا خواہاں ہے، اس مرتبہ آئی پی ایل میں 13آئی لینڈرزکو حصہ لینا ہے، وزیر کھیل مہندا آنندا آلوتھگامگے نے اس حوالے سے کہاکہ ہم آئی پی ایل میں شرکت کرنے والے اپنے کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کیلیے ٹھوس یقین دہانی چاہتے ہیں۔

ہمارے کرکٹ بورڈ نے بھارتی بورڈ اور وزارت خارجہ نے سیکیورٹی گارنٹی کے لیے بھارتی حکومت کو خط بھیج دیا ہے۔ تامل ناڈو کی صورتحال اس وقت موزوں نہیں اور ہم اپنے کھلاڑیوں کو بغیر کسی ٹھوس یقین دہانی کے بھارت جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ادھر بھارت میں سری لنکا کے ہائی کمشنر پرساد کریا واسم نے کھیلوں کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے پر افسوس کا اظہار کیا،ان کا کہنا ہے کہ ہمیں تشویش کھیلوں میں سیاست کو شامل کرنے پر ہے۔

اس کو صرف بدقسمتی ہی کہا جاسکتا ہے، موجودہ صورتحال میں ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی سلامتی کی فکر ہوگی، وہ ہمارے قومی ہیروز اور ان کی سیکیورٹی سب چیزوں پر مقدم ہے۔ یاد رہے کہ چنئی میں کھیلنے پر پابندی کی وجہ سے ایکلا دانا جایا اور نوان کولاسیکرا کے سوا باقی سری لنکن کرکٹرز اپنی اپنی ٹیم کی جانب سے ایک ایک میچ نہیں کھیل پائیں گے،چنئی سپر کنگز کے دانا جایا اور کولاسیکرا کو 8 ہوم میچز سے محروم ہونا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔