پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم جولائی میں انگلینڈ جائے گی

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 28 مارچ 2013
میزبان سے دوون ڈے اور اتنے ہی ٹی20 میچز،اکیڈمی ٹیم سے بھی تین مقابلے ہونگے فوٹو: اے ایف پی/ فائل

میزبان سے دوون ڈے اور اتنے ہی ٹی20 میچز،اکیڈمی ٹیم سے بھی تین مقابلے ہونگے فوٹو: اے ایف پی/ فائل

لندن:  انگلینڈ اور پاکستان کی ویمنز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جولائی میں دو ون ڈے اور 2 ٹی20 میچز کھیلے جائیں گے۔

پہلا مقابلہ لائوتھ کرکٹ کلب ، لنکاشائر میں یکم جولائی کوہوگا، لوبرو یونیورسٹی میں دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی میچ3 جولائی کو ہونا ہے،5 جولائی کو سیریز کے دونوں ٹوئنٹی 20 میچز ایک ہی دن میں مکمل کیے جائیں گے، لوبرو میں مختصر فارمیٹ کا پہلا مقابلہ مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوگا جبکہ دوسرا میچ دوپہر 2 بجکر 30 منٹ پر شیڈول کیاگیاہے۔

اس سے قبل پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو انگلش ویمنز اکیڈمی ٹیم سے بھی تین میچز کھیلنے کا موقع میسر آئیگا،27 جون کو دو ٹوئنٹی 20 میچز کے بعد 29 تاریخ کو 50 اوورز پر مشتمل مقابلہ بھی رکھاگیا ہے، یہ تمام میچز لوبرو یونیورسٹی میں منعقد ہوں گے، انگلینڈ ویمنز کرکٹ کی سربراہ اور سابق کرکٹر کلیری کونر نے کہا کہ ہمیں رواں سیزن میں پاکستان سے اضافی میچز کے انعقاد کا اعلان کرکے خوشی ہورہی ہے۔

محدود اوورز کے ان مقابلوں سے انگلش ٹیم کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا بہترین موقع ملے گا،واضح رہے کہ پاکستان سے سیریز کے بعد انگلش ویمنز ٹیم آسٹریلیا کیخلاف بھی تین ون ڈے اوراتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلے گی، روایتی حریف کینگروز سے ایک روزہ مقابلے20،23 اور 25 جبکہ مختصر فارمیٹ کے میچز27،29 اور 31 اگست کو شیڈول ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔