جوکووک کے تیسرا ٹائٹل جیتنے کی آس ہاس نے توڑ دی

اے ایف پی / اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 28 مارچ 2013
میامی ماسٹرز ٹینس:چوتھے رائونڈ میں شکست کے بعد نووک جوکووک فاتح جرمن حریف ٹامی ہاس سے ہاتھ ملا رہے ہیں ، سربیا کے دفاعی چیمپئن کی یہ رواں سیزن میں محض دوسری ناکامی ہے ۔ فوٹو : اے ایف پی

میامی ماسٹرز ٹینس:چوتھے رائونڈ میں شکست کے بعد نووک جوکووک فاتح جرمن حریف ٹامی ہاس سے ہاتھ ملا رہے ہیں ، سربیا کے دفاعی چیمپئن کی یہ رواں سیزن میں محض دوسری ناکامی ہے ۔ فوٹو : اے ایف پی

میامی:  میامی ماسٹرز ٹینس میں دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کے تیسرا ٹائٹل جیتنے کی آس ہاس نے توڑ دی، سربیا کے ورلڈ نمبرون کھلاڑی کیخلاف فتح نے15سیڈ جرمن پلیئر کو کوارٹر فائنل میں پہنچادیا۔

جوئے ولفریڈ سونگا کو مارن کلک نے ہرا دیا،اینڈی مرے ، ڈیوڈ فیرر، رچرڈ گیسکوئٹ، جائلز سیمون اور ٹوماس بریڈیچ نے بھی راؤنڈ 8 میں جگہ بنالی، ویمنزسنگلز میں سرینا ولیمز اور دفاعی چیمپئن اگنیسکا ریڈوانسکا نے سیمی فائنل میں نشست محفوظ کرلی۔تفصیلات کے مطابق8.5 ملین ڈالر انعامی مالیت کے میامی ماسٹرز ٹینس میں دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کو جرمن پلیئر ٹامی ہاس نے اسٹریٹ سیٹ میں6-2،6-4 سے مات دے کر ٹائٹل فتوحات کی ہیٹ ٹرک کا خواب توڑ دیا، ہاس نے7 فورہینڈ ونرز لگاتے ہوئے اپنے پہلے سروس پوائنٹس میں 76 فیصد کامیابی حاصل کی۔

انھوں نے پہلا سیٹ اپنے دوسرے میچ پوائنٹ پر جیتا، مقابلہ ایک گھنٹے 20 منٹ تک جاری رہا، جوکووک کی رواں سیزن میں یہ دوسری ناکامی ہے، اس سے قبل انڈین ویلز کے سیمی فائنل میں انھیں ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے ٹھکانے لگایا تھا، انھوں نے اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ بعض دن ایسے ہوتے ہیں جب آپ ٹینس کورٹس میں اچھا محسوس نہیں کرتے اور آج کا دن میرے لیے ایسا ہی تھا، البتہ ہاس کوبہترین کھیل کاکریڈٹ ملنا چاہیے، میں اسے اپنے بدترین میچز میں سے ایک تصورکرتا ہوں، انھوں نے کہا کہ کنڈیشنز مختلف اور گیند کو درست باؤنس نہیں مل رہا تھا۔

جرمن حریف نے بھی اپنے ورائٹی شاٹس کا عمدگی سے استعمال کیا ، کوارٹر فائنل میں ہاس کا سامنا فرنچ پلیئر جائلز سیمون سے ہوگا، انھوں نے دوسرے سربین کھلاڑی جانکو تیپسرووچ کو 5-7،6-2 اور 6-2 سے شکست دی، جوکووک کیخلاف ہاس کی باہمی7 مقابلوں میں یہ تیسریاور ہارڈ کورٹ پر پہلی کامیابی ہے، دو فتوحات انھیں گراس کورٹس پر ملی تھیں، 6 سیڈ جوئے ولفریڈ سونگا کو 9 سیڈ مارن کلک نے7-5، 7-6 (7/4) سے شکست دے دی، برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے اطالوی حریف آندریس سیپی کو6-2،6-4 سے پچھاڑ کر راؤنڈ 8 میں جگہ بنالی،اسپینش تھرڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر نے جاپانی پلیئر کائی نیشکوری کو6-4،6-2 سے ہراکر کوارٹر فائنل میں نشست پائی۔

فائنل فور میں پہنچنے کیلیے انھیں آسٹریا کے جرگن میلزر کا چیلنج درپیش ہوگا، جنھوں نے اسپین کے البرٹ راموس کو2-6،6-3 اور 6-3 سے قابو کیا،فرنچ8 سیڈ رچرڈ گیسکوئٹ نے10 سیڈ اسپین کے نکولس الماگرو کو6-7 (3/7)،7-5 اور7-6(7/3) سے زیر کر لیا، ٹوماس بریڈیچ نے سام کیورے کو6-1،6-1 سے شکست دی، ویمنز سنگلز میں ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز نے چین کی لینا کو6-3، 7-6 (7/5) سے مات دے کر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز پالیا، جہاں پر ان کا ٹکراؤ دفاعی چیمپئن اور فورتھ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا سے ہوگا، پولش اسٹار نے کوارٹر فائنل میں کرسٹن فلپکنزکو 4-6، 6-4اور6-2 سے مات دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔