ورلڈ کپ فٹبال کوالیفائنگ ارجنٹائن نے بولیو یا پر فتح کا سنہری موقع گنوا دیا

اے ایف پی  جمعرات 28 مارچ 2013
  فوٹو: فائل

فوٹو: فائل

مونٹی ویڈیو: 2014 ورلڈ کپ کوالیفائنگ میں ارجنٹائن نے بولیویا کیخلاف کامیابی کا سنہری موقع ضائع کردیا۔

اسٹار فارورڈ لیونل میسیاختتام سے 6 منٹ قبل فیصلہ کن گول نہیں بنا سکے، اس وقت ان کے سامنے محض حریف گول کیپر ہی کھڑا تھا، مقابلہ1-1 سے برابری پر ختم ہوا، سطح سمندر سے3650 میٹرز بلندی پر واقع دنیا کے بلند ترین دارالحکومت لاپازمیں ارجنٹائنی پلیئرزکوحواس کے ساتھ سانس بحال رکھنے کیلیے خاصی تگ ودوکرنا پڑی، لا پاز میں اس سے قبل ورلڈ کپ 2010 کے کوالیفائنگ میں بولیویا نے ارجنٹائن کو6-1 سے ٹھکانے لگایا تھا ۔

منگل کو اسی میدان میں ایک مرتبہ پھر میزبان نے ابتدا میں برتری حاصل کرکے تاریخ کو دہرانے کی کوشش کی،کھیل کے25 ویں منٹ میں مارسیل مارٹنز نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچاکر ارجنٹائن کو خسارے سے دوچار کردیا، اس سے قبل کھیل کے 10ویں منٹ میں گول کیپر سرجیو رومیرو نے بولیوین اسٹرائیکر ڈیاگو بیجارینائو کا حملہ پسپا کیا تھا، ویلنسیا کے لیے بھی کھیلنے والے ارجنٹائنی اسٹرائیکر ایور بینیگا نے وقفے سے قبل ہیڈر کے ذریعے جوابی گول داغ دیا۔

اختتام سے6 منٹ قبل ارجنٹائنی کپتان لیونل میسی صرف بولیوین گول کیپر سرجیو گالارزا کو چکمہ نہیں دے پائے، ڈراکے باوجود ارجنٹائن نے جنوبی امریکن کوالیفائنگ دوڑ میں اپنی بالادستی قائم رکھی ہوئی ہے، دیگر میچزمیں کولمبیا کو وینزویلا نے 0-1 سے شکست دے دی، کوئٹو مین ایکواڈور نے پیراگوئے کو 4-1 سے پچھاڑ کر پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن بھی سنبھال لی، سانتیاگو میں 2010 ورلڈ کپ کی سیمی فائنلسٹ یوروگوئے کی ٹیم کو چلی کے ہاتھوں2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب کونکاکیف فائنل رائونڈ کوالیفائنگ میچز میں امریکا اور میکسیکو کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابری پر اختتام پذیر ہوا۔

کھیل کے77ویں منٹ میں میکسیکو نے اپنے پلیئر جیویئر ایکیونو کو حریف پلیئر ایڈو کی جانب سے غلط انداز سے ٹیکل کرنے پر پنالٹی کا مطالبہ کیا لیکن ریفری نے ان کی درخواست رد کردی، اس پر میکسیکن پلیئرز نے دوران میچ اور بعد میں بھی آفیشلز سے شکایت کی ،ڈرا مقابلے کے بعد امریکا اپنے گروپ میں چار پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود جبکہ میکسیکو کا نمبر پانچواں ہے۔

امریکا اپنا اگلا کوالیفائنگ میچ 7 جون کو جمیکا کیخلاف کھیلے گا،پناما نے ہونڈراس کو 2-0 سے ٹھکانے لگاکر ٹاپ پوزیشن پر قبضہ کر لیا،کوسٹاریکا نے جمیکا کو اسی مارجن سے مات دے کر رائونڈمیں پہلی کامیابی پائی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔