فٹبال کوچ نے ٹور رپورٹ فیڈریشن کو جمع کرادی

زبیر نذیر خان / اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 28 مارچ 2013
 معاہدہ ختم ہونے میں 6ماہ باقی ہیں، فوری طور پر سبکدوش نہیں کر سکتے،لودھی.فوٹو: وکی پیڈیا

معاہدہ ختم ہونے میں 6ماہ باقی ہیں، فوری طور پر سبکدوش نہیں کر سکتے،لودھی.فوٹو: وکی پیڈیا

کراچی: اے ایف سی چیلنج کپ کوالیفائر فٹبال ٹورنامنٹ میں کارکردگی کے حوالے سے قومی ٹیم کے سربین کوچ نے تفصیلی رپورٹ پی ایف ایف کے پاس جمع کرا دی،اس میں شکست کی وجوہات اور نتائج کا تجزیہ کیا گیا ہے۔

کرنل (ر) احمد یار لودھی کے مطابق انھوں نے رپورٹ کا سرسری جائزہ لیا اور تفصیلی مطالعے کے بعد اظہار خیال کیا جائے گا، ایک سوال پر فیڈریشن کے سیکریٹری نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مجموعی کارکرد گی مناسب رہی تاہم مکائو کو ہرانے والی ٹیم کی تاجکستان اور کرغزستان سے شکست کی وجوہات پر غور و خوص کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ سربیا سے تعلق رکھنے والے قومی کوچ با صلاحیت اور تجربہ کار ہیں، ان کی خدمات بھاری بھر کم مشاہرے پر حاصل کی گئیں۔

دو سالہ کنٹریکٹ پر فرائض انجام دینے والے غیرملکی کوچ کا معاہدہ ختم ہونے میں مزید6ماہ باقی ہیں چنانچہ اسے فوری طور پر ذمہ داریو ں سے سبکدوش نہیں کیا جا سکتا، البتہ فیڈریشن کے پاس اس ضمن میںمختلف آپشنز موجود ہیں جنھیں بروئے کار لا کرکوچ کی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ فیڈریشن کی کو شش ہے کہ سرب کوچ اورقومی فٹبال کوچز کے باہمی روابط و تعاون سے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے اقدامات کیے جائیں، ہم مل جل کر ہی مثبت نتائج حاصل کر سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ہمارا اگلا ہدف رواں سال ستمبر میں سارک فٹبال ٹورنامنٹ کی تیاری ہے جس کیلیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے،اس پر عمل درآمد سے قومی فٹبال ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔