کراچی:تشدد کے واقعات میں خاتون سمیت4افراد قتل

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 28 مارچ 2013
سہراب گوٹھ میں ایک شخص ہلاک،خاتون کی لاش الفلاح جبکہ2لاشیں لیاری سے ملیں،3زخمی
 فوٹو: فائل

سہراب گوٹھ میں ایک شخص ہلاک،خاتون کی لاش الفلاح جبکہ2لاشیں لیاری سے ملیں،3زخمی فوٹو: فائل

کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں تشددکے واقعات میں خاتون سمیت4افرادہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے مرزاآدم خان روڈسے 2 افراد کی لاشیں ملیں جنھیں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، مقتولین کی عمریں 30 برس اور 45 برس معلوم ہوتی ہیں ،مقتولین برائون اور آسمانی رنگ کے شلوار قمیص میں ملبوس ہیں ،شناخت نہیں ہوسکی۔الفلاح کے علاقے رفاہ عام سوسائٹی میں مکان نمبرC-8 بلال ٹائون میں گھر کے اندر سے خاتون کی لاش ملی جسے ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا۔

55 سالہ سفیرا زوجہ محمد اختر گھرمیں اکیلی رہتی تھی،گھر سے تعفن اٹھنے پر علاقہ مکینوں نے پولیس کومطلع کیا جس پر پولیس موقع پرپہنچی اور مکان سے خاتون کی لاش ملی، پولیس کے مطابق سفیرا کے سر پرگہری چوٹ کا نشان ہے جس سے ظاہر ہوتاہے کہ اسے قتل کیا گیاہے ،مقتولہ بیوہ تھی ۔

اس کا شوہر6برس قبل انتقال کرچکا۔سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ میں نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر 30 سالہ احسن کوہلاک کردیا ،مقتول نے2شادیاں کی ہوئی تھیں اورواقعے کے بعداس کی اہلیہ ثناپراسرار طورپرغائب ہے جس کی تلاش جاری ہے ،مقتول جینزکی پینٹوں کی کترنوں کاکام کرتاتھا،اس کا آبائی تعلق اندرون سندھ سے ہے اورایوب گوٹھ میں 6 ماہ قبل ہی رہائش اختیارکی تھی۔

چاکیواڑہ میں نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 8 سالہ حذیفہ،آگرہ تاج کالونی میں25سالہ نذیراللہ جبکہ نرسری پر 28 سالہ عتیق زخمی ہوگیا۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق لیاری مرزا آدم خان روڈکے قریب سے ملنے والی لاشوںکی شناخت50 سالہ غلام محمدبلوچ اور اس کے بھانجے عدنان بلوچ کے نام سے کر لی گئیں،مقتولین ریکسر لائن اسلام روڈ افشانی ہوٹل کے قریب گلی نمبر3کے رہائشی اورکیماڑی میں برف کے کارخانے میں کام کرتے تھے،مقتول غلام محمدبلوچ لیاری گینگ وار کے مقتول سرغنہ ارشدپپوکے سالے مرادکاسسرتھا،مقتول غلام محمد کے بیٹے ماجدبلوچ کو ڈیڑھ ماہ قبل پاک کالونی کے علاقے میں اس کی شادی کے موقع پرفائرنگ کر کے ہلاک کر دیاگیاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔