سول ایوی ایشن ملازمین کا عاصم سلیمان کے ساتھ ایڈیشنل ڈی جی کو بھی ہٹانے کا مطالبہ

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 9 فروری 2018
افسران کا ہنگامی اجلاس ، مشیر ہوابازی سردار مہتاب سے ملاقات ،تحفظات سے آگاہ کردیا،آج نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ فوٹو: ایکسپریس

افسران کا ہنگامی اجلاس ، مشیر ہوابازی سردار مہتاب سے ملاقات ،تحفظات سے آگاہ کردیا،آج نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ فوٹو: ایکسپریس

 کراچی: جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے عاصم سلیمان کے بعد اب ایڈیشنل ڈی جی اوسید الرحمن کو بھی سول ایوی ایشن سے فارغ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

سول ایوی ایشن کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ مشیر ہوا بازی کی جانب سے ڈی جی عاصم سلیمان کو ہٹانے کا وعدہ اب تک وفا نہ ہوسکا اہم فیصلے میں تاخیری حربے استعمال کرکے حساس ترین ادارے کو جان بوجھ کر تباہی کی جانب دھکیلا جارہا ہے تاہم کئی روز خاموشی کے بعد جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لب کشائی کردی اور عاصم سلیمان کے بعد اب ایڈیشنل ڈی جی اوسید الرحمن کو بھی سول ایوی ایشن سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

افسران نے ہنگامی اجلاس کے بعد مشیر ہوابازی سردار مہتاب عباسی سے سی اے اے کلب میں ہونے والی ملاقات کے دوران انھیں اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آج کو اپنے نئے لائحہ عمل کا اعلان کیا ہے۔

ترجمان جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے گذشتہ روز جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن عاصم سلیمان کی تبدیلی میں مسلسل تاخیر کی وجہ سے ملک کے حساس ادارے سول ایوی ایشن میں بحران سنگین شکل اختیار کرچکا ہے۔ مشیر ہوابازی کی جانب سے نئے ڈی کی تعیناتی کا وعدہ اب تک پورا نہ ہوسکا جس کی وجہ سے افسران وملازمین میں بے چینی پائی جارہی ہے۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق عاصم سلیمان گھر بیٹھے سول ایوی ایشن سے تمام مراعات وصول کررہے ہیں اور تاخیری صورتحال کا فائدہ اٹھا کر اسلام آباد ایئر پورٹ کو اپنی من پسند فرم کو کوڑیو ں کے مول دینے کا بندوبست بھی کررہے ہیں۔

عاصم سلیمان کے خلاف ڈی جی ہٹاؤ تحریک کے بعد اب جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا سول ایو ی ایشن کے ایڈیشنل ڈی اوسید الرحمن عثمانی کے متعلق اپنے نئے موقف میں کہناتھا کہ ان کو قائم مقام کا چارج دینے کی وجہ سے معاملات مزید بگڑ نے کا اندیشہ ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی اوسید الرحمن چند لوگوں کے ساتھ مل کر افسران کے خلاف سازشوں کے جال بن رہے ہیں ،سازشوں کے دوران سید الرحمن کوغیر فعال ڈی جی کی مکمل تائید حاصل ہے۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ نیا ڈی جی تعینات کرکے معاملہ حل کیا جائے ایڈیشنل ڈی جی اوسید الرحمن کو سول ایو ی ایشن سے فارغ کیاجائے۔

اعلامیہ جاری کرنے کے بعدسول ایوی ایشن کے افسران نے سی اے اے کلب میں ایک ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا جس میں جنرل مینیجرز، ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈی جی اوز نے شرکت کی مشاورتی اجلاس کے بعد سول ایوی ایشن افسران نے سردار مہتاب عباسی سے ملاقات کی جس میں عاصم سلیمان کے حوالے سے کیے گئے وعدوں پر عمل جبکہ اوسید الرحمن کی وجہ سے درپیش تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔

ترجمان جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطابق وہ ماضی قریب کی طرح مثبت انداز میں مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں تاہم اگر ان کی مشکلات کا فوری حل نہ نکلا تو وہ کسی بھی راست اقدام پر جاسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔