نیوزی لینڈ کے کرکٹر جیسی رائیڈر پر قاتلانہ حملہ، حالت تشویشناک

ویب ڈیسک  جمعرات 28 مارچ 2013
 جیسی رائیڈر کو سر اور گردن پر شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے, پولیس. فوٹو: اے ایف پی

جیسی رائیڈر کو سر اور گردن پر شدید چوٹیں آئی ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے, پولیس. فوٹو: اے ایف پی

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے اوپنر جیسی رائیڈر نامعلوم افراد کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہوگئے ہیں، سر پر شدید چوٹ آنے سے ان کی حالت تشویش ناک ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جیسی رائیڈر پر  چار نامعلوم افراد نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں واقع ایک بار میں حملہ کیا۔ تشدد کے نتیجے میں جیسی رائیڈر کو سر اور گردن پر شدید چوٹیں آئیں، انہیں فوری طورپر اسپتال منتقل کردیا گیا ، اسپتال انتظامیہ کے مطابق جیسی رائیڈر کی حالت انتہائی  تشویش ناک ہے سراورگردن پر شدید چوٹوں کے باعث وہ کوما میں چلے گئے ہیں اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے۔جلد ہی ملزمان قانون کے شکنجے میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ جیسی رائيڈر رواں  ہفتے كے اختتام پر انڈين پريميئر ليگ ميں  شركت كے لئے بھارت روانہ ہونے والے تھے جہاں ان كا فرنچائز دہلی ڈيرڈيولز كے ساتھ 2 لاكھ 60 ہزار امريكی ڈالرز ميں معاہدہ ہوا ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیوڈیوڈ وائٹ کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا ہم اس پر ابھی تک شدید صدمے کی حالت میں  ہیں اور رائیڈرجیسی کے لئے انتہائی فکرمند ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔