ایک ہفتے میں آئی جی سمیت پنجاب کی ساری بیوروکریسی تبدیل کردوں گا،نجم سیٹھی

ویب ڈیسک  جمعرات 28 مارچ 2013
صوبے کی نگراں کابینہ میں 5 ،6 سے زیادہ افراد شامل نہیں ہوں گے، اس سلسلے میں کچھ نام زیر غور ہیں،نجم سیٹھی فوٹو: فائل

صوبے کی نگراں کابینہ میں 5 ،6 سے زیادہ افراد شامل نہیں ہوں گے، اس سلسلے میں کچھ نام زیر غور ہیں،نجم سیٹھی فوٹو: فائل

لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں آئی جی سمیت پنجاب کی ساری بیوروکریسی تبدیل کردی جائے گی۔

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن سے ملاقات کے بعد نگراں وزیراعلی پنجاب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام سیاسی لیڈروں سے مشاورت کررہے ہیں اور انتظامیہ کے حوالے سے بھی رائے لی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ یہ بڑی خوش آئند بات ہے کہ ابھی تک کسی سیاسی  جماعت  نے کسی کی سفارش نہیں کی ہے ۔

نگراں وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس صاحب کا حکم ہے کہ پنجاب میں نیا آئی جی آئے تو آج مشاورت کے بعد نئے آئی جی پنجاب کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا، اور اگلے ہفتے تک تمام بیوروکریسی تبدیل کردی جائے گی۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ  صوبے کی نگراں کابینہ میں 5 ،6 سے زیادہ افراد شامل نہیں ہوں گے، اس سلسلے میں کچھ نام زیر غور ہیں۔ ضرورت پڑنے پر کابینہ میں توسیع کردی جائے گی ، انہوں نے کہا کہ  ہماری کوشش ہوگی کہ الیکشن کمیشن کے اگر کوئی تحفظات ہیں تو انہیں دور کرنے کی پوری کوشش کی جائے ، اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما منور حسن نے نگراں وزیر اعلی پنجاب نجم سیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان پر انتخابات کی بھاری ذمہ داری  عائد ہوئی ہے اور لوگوں کو ان سے توقعات اور امیدیں وابستہ ہیں۔

واضح رہے کہ بحیثیت نگراں وزیر اعلٰی پنجاب انہوں نے گزشتہ روز حلف اٹھایا تھا تاہم انہوں نے شفاف  اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے لئے آج سے سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں اور مشاورت شروع کردی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔