کموڈ سے آئی فون نکالنے والا شخص خود پھنس گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 10 فروری 2018
چین میں ایک شخص نے ٹوائلٹ میں پھنسے اپنے آئی فون کو نکالنے کے لیے اپنا بازو پھنسالیا۔ فوٹو: فائل

چین میں ایک شخص نے ٹوائلٹ میں پھنسے اپنے آئی فون کو نکالنے کے لیے اپنا بازو پھنسالیا۔ فوٹو: فائل

بیجنگ: چین میں ایک عجیب و غریب واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک شخص بیت الخلا گیا اور وہاں اس کا جدید ترین آئی فون 8 گرگیا جسے نکالنے کی تگ و دو میں اس شخص نے اپنا بازو پھنسالیا جس کے بعد کئی لوگوں نے مل کر بمشکل اسے نجات دلائی۔

یہ واقعہ چین کے خودمختار خطے گوانشی کے علاقے لوئی زو میں پیش آیا جب ایک شخص رفع حاجت کےلیے ٹوائلٹ گیا جہاں اس کی جیب سے آئی فون نکل کر ٹوائلٹ میں جاگرا۔ اس شخص نے پھنسے ہوئے فون کو نکالنے کی بھرپور کوشش میں اپنا بازو پھنسالیا اور لاکھ کوشش کے باوجود بھی اسے نکالنے میں ناکام رہا۔

اس شخص کا خاندانی نام ٹینگ بتایا جارہا ہے جو اپنے دوست کے ساتھ شراب نوشی کررہا تھا اور اس کے بعد وہ کیفے کے باتھ روم میں گیا جہاں اس کا قیمتی آئی فون گرا۔ ٹینگ کے مطابق یہ آئی فون اس نے ایک لاکھ 32 ہزار روپے میں خریدا تھا۔ اسی بنا پر اس نے فون نکالنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ اس نے اپنا بازو آگے بڑھایا اور اسی کوشش میں اس کا ہاتھ بری طرح پھنس گیا۔

20 منٹ تک اس نے اپنا بازو نکالنے کی بے سود کوشش کی اور اس کے بعد گھبرا کر اس نے مدد کےلیے اپنے دوست کو پکارا۔ اس کے دوست نے فوری طور پر مدد کےلیے فائر بریگیڈ عملے کو فون کیا۔ جب امدادی عملہ وہاں پہنچا تو ٹینگ پسینے سے شرابور اور تکلیف کا شکار تھا۔

اس کی مدد کےلیے فائر بریگیڈ نے ٹوائلٹ کو توڑا اور بہت مشکل سے اس کا بازو نکالا جو زخمی ہوچکا تھا۔ تاہم اس پوری کوشش کے باوجود اس کا فون نہیں مل سکا اور تکلیف کے سبب اس کا بازو جگہ جگہ سے سوج گیا تھا۔ دوسری جانب ہوٹل انتظامیہ نے اس کی مجبوری دیکھتے ہوئے اسے نیا آئی فون خریدنے میں مدد دینے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔