کھانے کی میز بھی اور شیلف بھی

ندیم سبحان میو  اتوار 11 فروری 2018
یہ میز چھوٹے گھروں کے لیے بہت مناسب ہے جہاں جگہ تنگ ہوتی ہے۔ فوٹو : فائل

یہ میز چھوٹے گھروں کے لیے بہت مناسب ہے جہاں جگہ تنگ ہوتی ہے۔ فوٹو : فائل

کھانے کی میز یعنی ڈائننگ ٹیبل بیشتر گھروں میں ہوتی ہے، لیکن کھانے کی یہ میز ’ٹُو اِن وَن ‘ ہے، یعنی اس میں دو خوبیاں جمع کردی گئی ہیں۔ یہ ڈائننگ ٹیبل بھی ہے اور شیلف بھی۔ جب ضرورت ہوئی اسے بچھا کر کھانا کھالیا، اور پھر اسے شیلف کی شکل دے کر اس میں کتابیں یا دوسرا سامان سجادیا۔

اس منفرد میز کے تخلیق کاروں نے اسے Urbana Incredible Convertible Dining Table کا نام دیا ہے۔ یہ میز چھوٹے گھروں کے لیے بہت مناسب ہے جہاں جگہ تنگ ہوتی ہے۔ مغربی ممالک میں بے شمار خاندان اور نوجوان جوڑے ایک یا دو کمروں پر مشتمل اپارٹمنٹس میں رہتے ہیں۔ ان پارٹمنٹس میں گنجائش کم ہونے کے باعث مکینوں کی خواہش یا ضرورت ہوتی ہے کہ وہ کثیرالمقاصد اشیاء اور سامان رکھیں۔

مثال کے طور پر ہمارے گھروں میں ہر فرد کے لیے الگ بیڈ یا چارپائی ہوتی ہے، مگر ان اپارٹمنٹس میں عموماً فولڈنگ بیڈ استعمال ہوتے ہیں یا پھر ایک کے اوپر ایک رکھے ہوئے بیڈ نظر آتے ہیں۔ ان لوگوں کے لیے یہ میز بہت کارآمد ثابت ہوگی۔ علاوہ ازیں اگر گھر میں کوئی چھوٹی موٹی تقریب ہو اور اس کے لیے اضافی میز درکار ہو تو پھر اس سے کام لیا جاسکتا ہے۔ یہ میز ڈائننگ ٹیبل جیسی جاذب نظر تو نہیں ہے لیکن اس کے اوپر کور بچھا کر اس کا بھداپن ڈھانپا جاسکتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔