پی سی بی کا پی ایس ایل تھری میں آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کو بلانے سے گریز

سلیم خالق  ہفتہ 10 فروری 2018
رواں ماہ شروع ہونے والے ایونٹ کے دوران5ٹیمیں ایک ہوٹل میں قیام کریں گی، چھٹی کودوسری جگہ ٹھہرایا جائے گا۔ فوٹو : فائل

رواں ماہ شروع ہونے والے ایونٹ کے دوران5ٹیمیں ایک ہوٹل میں قیام کریں گی، چھٹی کودوسری جگہ ٹھہرایا جائے گا۔ فوٹو : فائل

 کراچی:  پی سی بی نے پی ایس ایل ٹو میں پیش آنے والے فکسنگ اسکینڈل سے کوئی سبق نہیں سیکھا تاہم تیسرے ایڈیشن میں بھی آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی خدمات حاصل نہیں کی جائیں گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اپنے ممبربورڈز کو لیگز کیلیے معاوضے پر اینٹی کرپشن یونٹ کی خدمات فراہم کرتی ہے، وہ بالکل انٹرنیشنل میچز کی طرح ہی فرائض انجام دیتے البتہ آئی سی سی کے بجائے متعلقہ بورڈ کو رپورٹ کرتے ہیں، ان کا کام  کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ سے دور رہنے کے لیکچرز دینا اور پھر ایونٹ میں کسی غلط سرگرمی کو روکنا ہوتا ہے۔

گزشتہ برس پی ایس ایل میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آیا جس کی تحقیقات تاحال مکمل نہیں ہوئیں، کئی کھلاڑیوں کو پابندی و جرمانے کا سامنا کرنا پڑا،گوکہ پی سی بی اس بات کو تسلیم نہیں کرتا مگر ذرائع کا یہی کہنا ہے کہ آئی سی سی کی نشاندہی پر ہی  اسپاٹ فکسنگ کا انکشاف ہوا تھا،اس وقت بھی فکسنگ کی روک تھام کا کام کرنل (ر) اعظم کی زیرنگرانی ہی ہو رہا تھا۔

رواں برس بعض حلقوں نے بورڈ کو تجویز دی تھی کہ وہ معاملات اچھے انداز میں چلانے کیلیے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی خدمات حاصل کرے، خیال رہے کہ بھارت سمیت دنیا کے کئی ممالک ایسا کر چکے ہیں، مگر پی سی بی نے اسے قبول نہیں کیا، رواں برس بھی کرنل (ر) اعظم اور ان کی ٹیم  اینٹی کرپشن کے معاملات دیکھے گی۔

نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ کے رابطے پر پی سی بی ترجمان نے کہاکہ کرنل (ر) اعظم نے بااحسن انداز میں خدمات انجام دیں لہذا ان کی جگہ کسی اور کو ذمہ داری سونپنے کی کوئی وجہ نہیں تھی۔

دریں اثنا پی ایس ایل  تھری میں شریک ٹیموں کا 2 ہوٹلز میں قیام ہو گا، گزشتہ برس اسپاٹ فکسنگ کیس کے بعد بورڈ نے ہوٹل تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا، پاکستانی ٹیم نے سری لنکا سے سیریز میں نئے ہوٹل میں قیام کیا تھا، اب پی ایس ایل کی5ٹیمیں اسی ہوٹل میں رکیں گی جبکہ ایک کو دوسرے ہوٹل میں ٹہرایا جائے گا جب کہ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی بھی اس کی تصدیق کر چکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور قلندرز کی ٹیم دیگر سے الگ ہوٹل میں قیام کرے گی، یاد رہے کہ ایونٹ کا آغاز 22 فروری کو دبئی میں ہونا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔