پی ایس ایل کے انعقاد کی تیاریاں عروج پر

ایڈیٹوریل  اتوار 11 فروری 2018
سیکیورٹی ریہرسل کے پہلے دن جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پولیس کی طرف سے اقدامات کا آغاز کیا گیا . فوٹو : ٹویٹر

سیکیورٹی ریہرسل کے پہلے دن جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پولیس کی طرف سے اقدامات کا آغاز کیا گیا . فوٹو : ٹویٹر

پاکستان سپر لیگ تھری کے انعقاد کے حوالے سے پورے ملک میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ پاکستان کا قومی کھیل بلاشبہ ہاکی ہے لیکن کرکٹ کے بھی کروڑوں شائقین ہیں جو مقامی سطح پر ہونے والے پی ایس ایل کی کامیابی کے متمنی ہیں۔ یقیناً پی ایس ایل گیمز پاکستان میں ابھرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے معاون حیثیت رکھتے ہیں، گزشتہ دو برسوں میں پی ایس ایل گیمز نے عالمی معیار کے کئی کھلاڑی پاکستان کو دیے، سیزن تھری کی خاص بات شہر قائد میں پہلی بار پی ایس ایل فائنل کا انعقاد ہے جس کے لیے بہترین انتظام اور سیکیورٹی کا بندوبست کیا جارہا ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے فائنل میچ کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں سیکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے، پولیس، رینجرز، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ اور سیکیورٹی اداروں نے سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد کے لیے ریہرسل کا آغاز کردیا ہے۔ انتظامیہ کی کوشش ہے کہ جلد تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے اور کھلاڑیوں کی کراچی آمد پر انھیں عالمی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل تھری کا فائنل 25 مارچ بروز اتوار کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔ سیکیورٹی ریہرسل کے پہلے دن جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم میں پولیس کی طرف سے اقدامات کا آغاز کیا گیا، منصوبے پر عملدرآمد کے لیے اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو)، بم ڈسپوزل اسکواڈ، اسپیشل برانچ اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار اسٹیڈیم میں سرگرداں نظر آئے۔

پی ایس ایل تھری فائنل کے سلسلے میں سیکیورٹی ریہرسل اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے غیر ملکی ماہرین ہفتہ کو کراچی پہنچے، سیکیورٹی کنسلٹنٹ بریگیڈیئر رچرڈ ڈینس اور دوسرے غیر ملکی سیکیورٹی ماہر رگ ڈکسن اتوار کو ہونے والی فل ڈریس ریہرسل کا بغور جائزہ لینے کے بعد رپورٹ تیار کرنے کے ساتھ انتظامیہ کو تجاویز بھی پیش کریں گے۔ وہ اسٹیڈیم کے حالات کا بھی جائزہ لیں گے جہاں اس وقت فائنل کے سلسلے میں مختصر و طویل المدتی تعمیراتی کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل تھری میگا ایونٹ ہے، ہم سب کو مل کر اس ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے، پرامن اور پرسکون ماحول میں میچ کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا، متعلقہ ادارے اور محکمے آپس میں قریبی روابط رکھتے ہوئے فرائض سر انجام دیں۔ بلاشبہ پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں شائقین کرکٹ کے لیے مژدہ جانفزا ہے، فائنل کے انعقاد کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے تمام اداروں کو مل جل کر کام کرنا چاہیے تاکہ نہ صرف کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ واپس آسکے بلکہ دنیا کو بھی پاکستان کا ایک اچھا امیج پہنچے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔