دانش کنیریا کی پھر بنکاک کرکٹ ایونٹ میں شرکت

سلیم خالق  اتوار 11 فروری 2018
انضمام الحق کے بھائی کی ٹیم بھی ایونٹ میں شریک ہوئی۔ فوٹو: فائل

انضمام الحق کے بھائی کی ٹیم بھی ایونٹ میں شریک ہوئی۔ فوٹو: فائل

کراچی:  تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا گذشتہ ماہ ایک بار پھر بنکاک کرکٹ ایونٹ میں ایکشن میں دکھائی دیے جب کہ اس مرتبہ وہ خود اپنی ٹیم وہاں لے کر گئے جس میں سابق اوپنر توفیق عمر بھی شامل تھے۔

بنکاک میں گذشتہ ماہ سپر سکسز ایونٹ کا انعقاد ہوا، فکسنگ کیس میں انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحیات پابندی کے شکار دانش کنیریا نے بھی ایونٹ میں حصہ لیا، وہ ’’ڈی کے‘‘ اسپورٹس کے نام سے اپنی ٹیم لے کر گئے۔

گزشتہ برس انھیں چیف سلیکٹر انضمام الحق کے بھائی انتظار الحق نے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا، اس بار حق برادرز میں دیگر کھلاڑیوں کو جگہ ملی،ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ برس بعض میچز میں حیران کن نتائج بھی نظر آئے تھے چونکہ یہ ایونٹ اتنا زیادہ معروف نہیں اس لیے معاملات سامنے نہیں آ پائے۔

دانش کنیریا کی ٹیم میں سابق ٹیسٹ اوپنر توفیق عمر بھی شامل تھے،انھوں نے 2016 میں ماسٹرز لیگ سے معاہدے کی وجہ سے بورڈ کے کہنے پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا جب کہ گزشتہ دنوں یہ اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ انھیں جونیئر سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا جا رہا ہے مگر اس کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے،ایونٹ میں شریک ایک اور ٹیم میں انٹرنیشنل کرکٹر سعد نسیم بھی موجود تھے۔

دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ دانش کنیریا پابندی کی وجہ سے کہیں بھی کرکٹ نہیں کھیل سکتے، تھائی لینڈ کے ایونٹ میں ان کی شرکت درست اقدام نہیں ہے،البتہ وہ پہلے ہی تاحیات پابندی کا شکار ہیں مزید سزا کیا دی جا سکتی ہے؟

ذرائع نے مزید بتایا کہ انضمام الحق کے بھائی کی ایسے ایونٹس میں شمولیت کو اعلیٰ حکام اچھی نظروں سے نہیں دیکھ رہے ہیں، گزشتہ دنوں انھوں نے ٹی ٹین لیگ کی بھی ٹیم خریدی تھی مگر میڈیا میں انضمام الحق پر تنقید کے بعد اس سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کرنا پڑا تھا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔