انٹر کے امتحانات16مئی سے شروع کرنے کی منظوری

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 29 مارچ 2013
انتخابات کے سبب انٹرکے امتحانات نئے شیڈول کے مطابق 16مئی سے شروع کیے جانے کی بھی منظوری دے دی ہے. فوٹو: فائل

انتخابات کے سبب انٹرکے امتحانات نئے شیڈول کے مطابق 16مئی سے شروع کیے جانے کی بھی منظوری دے دی ہے. فوٹو: فائل

کراچی: حکومت سندھ نے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈزکے سربراہوں کو امتحانی مراکز پر جاکر میٹرک اور انٹر کے امتحانات کی مانیٹرنگ کے احکامات جاری کردیے۔

انتخابات کے سبب انٹرکے امتحانات نئے شیڈول کے مطابق 16مئی سے شروع کیے جانے کی بھی منظوری دے دی ہے،اس سلسلے میں سندھ بھرکے تعلیمی بورڈزکے سربراہوں اورناظمین امتحانات کا ایک اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں جمعرات کوہوا ، اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری نوید کامران بلوچ نے کی۔

جبکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی، ناظم امتحانات عمران چشتی ، ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے چیئرمین فصیح الدین خان اور ناظم امتحانات نعمان احسن ، سندھ کے تعلیمی بورڈزکے چیئرمینز اورناظم امتحانات کے علاوہ ڈپٹی سیکریٹری ( بورڈز ) اورگریڈ18کی اسسٹنٹ پروفیسررفیعہ ملاح شریک ہوئیں ، اجلاس میں8  اپریل سے شروع ہونے والے نویں اور دسویں کے امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے بھی انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ امتحانات کے دوران نقل اور اس کے لیے ناجائز ذرائع کے استعمال کو سختی سے روکا جائے گا اور اس ضمن میں حکمت عملی بھی تیار کی گئی ، اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں شکایتی مرکز بھی قائم کیا جائے گا جو شکایات وصول کرے گا اور امتحانات کے انعقاد کے عمل کی نگرانی کرے گا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔