ان سائیڈرٹریڈنگ کو فوجداری جرم قرار دینے کی تجویز

ارشاد انصاری  جمعـء 29 مارچ 2013
    اسٹاک مارکیٹ میں بروکرز کی طرف سے کی جانے والی ان سائیڈر ٹریڈنگ کو فوجداری جرم قراردیا جائے, ایس ای سی پی

اسٹاک مارکیٹ میں بروکرز کی طرف سے کی جانے والی ان سائیڈر ٹریڈنگ کو فوجداری جرم قراردیا جائے, ایس ای سی پی

اسلام آباد: سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے ان سائیڈر ٹریڈ روکنے اور اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے اسٹاک مارکیٹ میں ان سائیڈر ٹریڈ کو فوجداری جرم قرار دینے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں ایس ای سی پی کے ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ کے قوانین پر موثر عملدرآمد کیلیے سیکیورٹیز بل متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے ذریعے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج ایکٹ 1969 کو ختم کردیا جائیگا اور اسکی جگہ نیا ایکٹ لایا جائیگا۔

ذرائع نے بتایا کہ ایس ای سی پی کی طرف سے تیار کردہ سیکیورٹیز بل کے مسودے میں تجویز دی گئی ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں بروکرز کی طرف سے کی جانے والی ان سائیڈر ٹریڈنگ کو فوجداری جرم قراردیا جائے اور اس جرم میں ملوث عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات قائم کرکے سخت سزائیں دی جائیں۔ ذرائع نے بتایا کہ توقع ہے کہ مذکورہ مسودہ نئی حکومت کے قیام کے بعد منظوری کیلیے پیش کیا جائیگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔