بورڈ سے خفا عبدالرزاق کے کیریئر پر سوالیہ نشان ثبت

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 29 مارچ 2013
محمد حفیظ کے ساتھ صلح کی رسمی کارروائی کے باوجود دلوں سے میل نہ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

محمد حفیظ کے ساتھ صلح کی رسمی کارروائی کے باوجود دلوں سے میل نہ گئی۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

لاہور: کرکٹ بورڈ سے خفا عبدالرزاق کے کیریئر پر سوالیہ نشان ثبت ہوگیا،آل راؤنڈر نے پاکستان میں ہونے کے باوجود لاہور لائنز کے آفیشلز کو موبائل فون کے ذریعے ملک سے باہر ہونے کا پیغام بھیج دیا۔

گذشتہ سال محمد حفیظ کے ساتھ صلح کی رسمی کارروائی کے باوجود دلوں سے میل نہ گئی۔تفصیلات کے مطابق عبدالرزاق کو بہتر کارکردگی کے باوجود گذشتہ سال ستمبر میں ہونے والے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی پلیئنگ الیون سے ڈراپ کردیا گیا تھا،قومی ٹیم سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد وطن واپس آئی تو آل راؤنڈر پھٹ پڑے، انھوں نے الزام عائد کیا کہ میدان سے باہر بٹھانے کا فیصلہ کپتان محمد حفیظ نے کیا تھا،بورڈ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایک طرف عبدالرزاق پر جرمانہ کیا، دوسری طرف دونوں کھلاڑیوں کو بلا کر صلح کا  اعلان کرنے کیلیے پریس کانفرنس کا اہتمام بھی کردیا مگر دلوں سے میل نہ گئی۔

1

قومی ٹوئنٹی 20 ٹورنامنٹ میں محمد حفیظ کو فیصل آباد سے بلاکر اچانک محمد یوسف کی جگہ لاہور لائنز کا کپتان بنادیا گیا تو عبدالرزاق نے بد دلی سے چند میچز کھیلے،اس دوران ٹیم میٹنگ میں تاخیر سے آنے پر تلخ جملوں کا  تبادلہ بھی ہوا،بعد ازاں دورئہ بھارت اور جنوبی افریقہ کیلیے بھی تجربہ کار آل  راؤنڈر کو یکسر نظر انداز کردیا گیا، 26 مارچ سے شروع ہونے والے سپر 8 ایونٹ کیلیے ایک بار پھر انھیں محمد حفیظ کی قیادت میں لاہور لائنز کیلیے منتخب کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق صدر لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن خواجہ ندیم، ٹیم کوچ محسن کمال اور منیجر اعجاز بٹ نے عبدالرزاق سے رابطے کیلیے متعدد فون کالز کیں مگر انھوں نے جواب دینا ضروری نہ سمجھا، ایل سی سی اے کے ترجمان عابد حسین کے مطابق افتتاحی روز موبائل فون پر ان کا پیغام ملا کہ ’’ میں ملک سے باہر ہوں‘‘ ۔ ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر اس دن لاہور میں موجود  اور کسی طور محمد حفیظ کی قیادت  میں کھیلنا نہیں چاہتے تھے، اسی لیے کسی کو خاطر میں نہیں لائے، ٹوئنٹی 20 کپتان چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کے زیادہ قریب ہیں، بورڈ  سے خاصے خفا نظر آنے والے عبدالرزاق کے موجودہ سیٹ اپ میں واپسی کے امکانات اور کیریئر پر سوالیہ نشان صاف نظر آرہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔