پی ایس ایل 3؛ کراچی میں فائنل کا انعقاد خوش آئند ہوگا، توصیف احمد

اسپورٹس رپورٹر  پير 12 فروری 2018
اسلام آباد یونائیٹڈ کے علی نقوی کی دلچسپی کے باعث ٹیم بہت متوازن ہے، سابق اسپنر۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد یونائیٹڈ کے علی نقوی کی دلچسپی کے باعث ٹیم بہت متوازن ہے، سابق اسپنر۔ فوٹو: فائل

کراچی: پی ایس ایل کی معروف فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسسٹنٹ کوچ اور سابق ٹیسٹ کرکٹر توصیف احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کی گہری دلچسپی کے باعث ہماری ٹیم بہترین کھلاڑیوں مشتمل اور بہت متوازن ہے، قوی امید ہے کہ لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں نہ صرف عمدہ کاردگی کا مظاہرہ کریں گے بلکہ کوشش ہوگی کہ ہماری ٹیم کامیابی سے بھی ہمکنار ہو۔

نمائندہ ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سابق ٹیسٹ اسپنر نے کہا کہ پی ایس ایل تھری دراصل پی سی بی کی کاوشوں کا ثمر ہے، اس ضمن میں بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کردار اہم ہے، لیگ کے پہلے 2 ایڈیشن کامیابی سے ہمکنار ہوئے اور اب کرکٹ سے شغف رکھنے والوں کی نظریں تیسرے ایڈیشن پر ہیں، انھوں نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی اب تک کارکردگی قابل تحسین رہی ہے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ رواں سال ٹائٹل اپنے نام کریں۔

توصیف احمد نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ایک متوازن اور اچھی ٹیم ہے جس میں نہ صرف ملک کے بہترین کرکٹرز بھی موجود ہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں نمایاں رہنے والے غیرملکی کھلاڑی بھی ہماری ٹیم کو رونق بخشیں گے۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کی باہمت قیادت میں ہمارے کھلاڑی پی ایس ایل تھری میں اپنی پرفارمنس دکھانے کے لیے بے قرار ہیں، رواں سال بھی اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ میں شامل فاسٹ بولر محمد سمیع اس وقت عمدہ فارم میں ہیں، شاداب خان اور رومان رئیس کی کارکردگی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، افتخار احمد کے بیڈ سے رنزاگلنے کا سلسلہ جاری ہے، پچھلے سال کی طرح اس سال بھی ہماری ٹیم کا حصہ بننے والے غیر ملکی کھلاڑیوں میں آندرے رسل اور سیموئیل بدری سے بہت توقعات ہیں، ڈرافٹ کے ذریعے شامل کیے جانے والے نئے کھلاڑی جے پی ڈومنی، لیوک رانچی، سام بلنگزاچھا اضافہ ہیں، فہیم اشرف پہلی بار لیگ میں بھی اپنی اہلیت دکھائیں گے جبکہ الیکس ہلیز، ڈیوڈ ویلی، محمد حسان کوبطور سپلیمنٹری کھلاڑی شامل کرنے پر فخر ہے۔

ایک سوال کے جواب میں توصیف احمد نے کہا کہ چھٹی ٹیم کی شمولیت پی ایس ایل کی مقبولیت کی دلیل ہے، توقع ہے کہ اگلے برسوں میں مزید ٹیمیں لیگ کا حصہ بنیں گی اور مقابلوں میں مزید بہتری اور دلچسپی پیدا ہوگی، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل تھری کا فائنل کراچی میں ہونا نہ صرف شہر بلکہ پورے پاکستان کے لیے خوشی کا باعث بنے گا، امید ہے کہ اہلیان کراچی اس مقابلے سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہوں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔