قومی ٹوئنٹی 20 کرکٹ؛ فیصل آباد وولفز نے کراچی ڈولفنز کو ڈبو دیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 29 مارچ 2013
قومی ٹوئنٹی 20 سپر ایٹ کرکٹ : فیصل آباد وولفز کے مصباح الحق کا مڈ وکٹ پر چھکا، کراچی ڈولفنز کیخلاف انھوں نے ناقابل شکست 85 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔  فوٹو: ایکسپریس

قومی ٹوئنٹی 20 سپر ایٹ کرکٹ : فیصل آباد وولفز کے مصباح الحق کا مڈ وکٹ پر چھکا، کراچی ڈولفنز کیخلاف انھوں نے ناقابل شکست 85 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ فوٹو: ایکسپریس

لاہور: قومی ٹوئنٹی20 سپر8 کرکٹ ٹورنامنٹ میں فیصل آباد وولفز نے کراچی ڈولفنز کو ڈبو دیا۔

7 وکٹ کی فتح نے مصباح الحق کی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا، کپتان نے ناقابل شکست  85 رنز کی اننگز کھیلی، راولپنڈی ریمز اور لاہور لائنز نے بھی فائنل فور میں قدم رکھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی ڈولفنز نے8 وکٹ پر157رنز بنائے،شاہ زیب حسن 51اور خرم منظور 42رنز بناکر نمایاں رہے،فیصل آباد وولفز کی طرف سے خرم شہزاد اور احسان عادل نے 3، 3،کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مصباح الحق کی شاندار اننگز کی بدولت فیصل آباد وولفز نے ہدف3 وکٹ پر حاصل کر لیا۔

کپتان نے 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85 کی اننگز کھیلی،علی وقاص نے39 رنز بنائے۔ قبل ازیں بارش سے متاثرہ میچ میں راولپنڈی ریمز نے ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کے تحت بہاولپور اسٹیگز کو20 رنز سے شکست دی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18اوورز میں 5 وکٹوں پر 145رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ روک دیا گیا،نوید ملک 29، سہیل تنویر 28 ناٹ آؤٹ،اویس ضیا اور بابر نعیم 26،26رنز بناکر نمایاں رہے، بلال خلجی نے3وکٹیں لیں، 13اوورز میں 117رنز کا ہدف ملنے کے بعد بہاولپور کی ٹیم 96پر آؤٹ ہو گئی، کاشف صدیق 45 رنز بناکر نمایاں رہے۔

2

حماد اعظم نے3 جبکہ سہیل تنویر اور عمر امین نے 2، 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ تیسرے میچ میں لاہور لائنز نے ایبٹ آباد فالکنز کو 3 وکٹ سے ہرا دیا،۔ ناکام ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے94 رنز پر آؤٹ ہوگئی، سجاد علی اور حماد 20، 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، عدنان رسول نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے21 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اعزاز چیمہ نے 2  وکٹیں لیں، لاہور لائنز نے آسان ہدف کو بھی مشکل بنا لیا اور 17 اوورز میں گرتے پڑتے 3وکٹ سے فتح پائی، احمد شہزاد (34) اورعمر اکمل(20) کے بعد کوئی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا، راشد نواز نے 4  وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔