لندن ایئرپورٹ بم برآمد ہونے پر بند، پروازیں معطل

ویب ڈیسک  پير 12 فروری 2018

 لندن: برطانوی دارالحکومت کا مصروف ایئرپورٹ دوسری جنگ عظیم میں استعمال ہونے والے بم کی دریافت پر بند کردیا گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن کے سٹی ایئرپورٹ کے اطراف تعمیراتی کام کے دوران مزدروں کو دریائے ٹیمز کے کنارے دوسری جنگ عظیم میں استعمال ہونے والا بم برآمد ہوا جس پر حکام نے فوری سیکورٹی اداروں کو اطلاع کرتے ہوئے ایئرپورٹ کو بند کردیا۔

سیکورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد بم کو نکالنے کے لیے اقدامات شروع کردیے جب کہ ایئرپورٹ حکام اور رائل نیوی ان کی معاونت کررہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ برآمد ہونے والا بم 500 کلوگرام وزنی ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: جرمنی میں دوسری جنگ عظیم کے دوران پھینکا گیا 250 کلوگرام وزنی بم برآمد

لندن سٹی ایئرپورٹ کے ترجمان نے بتایا کہ بم کی برآمدگی پر ہوائی اڈے پر فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے اور رن وے کو ہر قسم کے جہازوں کی آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا۔ فلائٹ آپریشن معطل ہونے سے 16 ہزار مسافر متاثر ہوئے جب کہ کچھ پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑ دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔