نایاب شیروں کا غیر قانونی شکار کرنے والا خود شکار بن گیا

ویب ڈیسک  منگل 13 فروری 2018
شیروں نے مشتبہ شخص کا قریباً پورا جسم ہی کھالیا،فوٹو:فائل

شیروں نے مشتبہ شخص کا قریباً پورا جسم ہی کھالیا،فوٹو:فائل

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقا میں نایاب جنگلی جانوروں کا غیر قانونی شکار کرنے والا مشتبہ شخص خود شیروں کا شکار بن گیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا کے قومی پارک کے قریب ایک نجی گیم پارک میں شیروں نے اس وقت شکاری کو اپنا نوالہ بنایا جب وہ شکار کی غرض سے وہاں بغیر اجازت موجود تھا۔ شیروں کے ایک جھنڈ نے اسے دیکھتے ہی حملہ کردیا اور مشتبہ شخص شیروں کا نوالہ بن گیا۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں علاقے سے ایک شکار والی رائفل اور کچھ انسانی جسم کی باقیات ملی ہیں جس کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیروں نے مشتبہ شخص کا قریباً پورا جسم ہی کھالیا جب کہ صرف سر اور دھڑ کے کچھ نوچے ہوئے اعضا ملے ہیں۔

واضح رہے کہ مذکورہ پارک میں حالیہ برسوں میں نایاب جنگلی جانوروں کو پکڑ کر اسمگلنگ یا ان کے شکار کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔