سوشل میڈیا پر کل گلوکاری کا براہ راست پروگرام پیش کروں گی؛ سارہ رضا خان

قیصر افتخار  منگل 13 فروری 2018
سوشل میڈیا پرپروگرام پیش کرنے کا طریقہ دوسرے بھی اپنائیں گے،اس کا فائدہ میوزک کوپہنچے گا:گلوکارہ کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

سوشل میڈیا پرپروگرام پیش کرنے کا طریقہ دوسرے بھی اپنائیں گے،اس کا فائدہ میوزک کوپہنچے گا:گلوکارہ کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  معروف گلوکارہ سارہ رضا خان نے اپنے چاہنے والوں کوبراہ راست میوزک سنانے کیلیے سوشل میڈیا پراپنا پہلا پروگرام پیش کرنے کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

معروف گلوکارہ سارہ رضا خان کا پہلا پروگرام 14 فروری کو ’’ لائیوسیشن ود سارہ رضا خان ‘‘ کے نام سے پیش کیاجائے گا جس میں سارہ رضا اپنے سازندوں کے ہمراہ مقبول اورکچھ نئے گیتوں کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی تاہم اس سلسلے میں جب سارہ رضا سے رابطہ کیا گیا توانھوں نے ’’ایکسپریس‘‘ کوبتایا کہ اپنے پروگراموں کی مصروفیت اورٹی وی شوز میں شرکت کی وجہ سے دنیا بھرمیں بسنے والے پرستاروں سے دوری بڑھ رہی تھی، جس کی شکایات مجھے سوشل میڈیا پرموجود میرے پیج پربھی موصول ہورہی تھیں۔

گلوکارہ نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ میں اپنے میوزیشن اور ساؤنڈ انجینئر کے ہمراہ ایک نئے پروگرام کوپیش کرنے کی جانب گامزن ہوں۔ یہ ایک مشکل ٹاسک ہے لیکن اپنے چاہنے والوں کی خواہش کا احترام کرنا ایک فنکار کی اولیں ذمے داری ہوتی ہے۔ اسی بات کومدنظر رکھتے ہوئے میں نے اپنی ٹیم میں شامل سب لوگوں کے ساتھ ایک میٹنگ کی اورپھرلائیوسیشن کی تیاری میں لگ گئے۔

سارہ رضا خان نے بتایا کہ لائیوسیشن کا پہلا پروگرام میں ، اپنے گھرمیں ہی پیش کرونگی۔ اس دوران ہم جہاں مقبول گیت اورغزلیں پیش کرینگے، وہیں کچھ نئی دھنیں بھی سنائیں گے۔ انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ دنیا بھرمیں اس پروگرام کو دیکھنے والے لوگ ہماری اس کاوش کواس لیے سراہیں گے، کیونکہ اس سے پہلے ایسے تجربات بہت کم ہوئے ہیں۔

گلوکارہ نے کہا کہ پاکستان میں میوزک انڈسٹری کے حالات سب کے سامنے ہیں اور دوسری جانب پرائیویٹ چینلز کی اکثریت کی زیادہ توجہ نیوز پر ہے۔ اس لیے میوزک کا شعبہ خاصا پیچھے رہ گیا ہے لیکن جس طرح سے میں نے سوشل میڈیا پراپنا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ لیا ہے، اسی طرح اب دوسرے بھی اس کواپنائیں گے اوراس کا فائدہ کسی حد پاکستانی میوزک کوپہنچے گا۔

سارہ رضا نے مزید کہا کہ میرے نزدیک تویہی وہ راستہ ہے جس کے ذریعے ہم اپنے میوزک کودنیا بھر میں پہنچاسکتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔